English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

تاجر جمعہ کو بولٹن مارکیٹ پر دھرنا دینگے

دھرنے کی قیادت مرکزی تنظیم تاجران کے صدر کاشف چوہدری کریں گے، تمام مارکیٹوں کے تاجر شریک ہوں گے
دو روزہ ملک گیر ہڑتال آئی ایم ایف کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہوگی، محمود حامد
کراچی( کامرس رپورٹر) آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج اندسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد نے کہا ہے کہ تاجر جمعہ کو کراچی میں بولٹن مارکیٹ ایم اے جناح روڈ پر دھرنا دیں گے جبکہ 29,30اکتوبر کی ملک گیر ہڑتال عالمی سود خور ادارے IMF کے ظالمانہ تسلط کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا سود اور سود خور اداروں نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کا بیڑا غرق کیا ہے ۔ سودی نظام اللہ اور اس کے رسول سے جنگ ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان جب اسلامی جمہوریہ پاکستان کو مدینہ کی ریاست سے تعبیر کرتے ہیں تو انہیں فوری طور پر اللہ اور اس کے رسول سے جنگ بند کر دینی چاہیے ۔ اس جنگ کی وجہ سے ملکی بجٹ کا 70% IMF کے سود اور قرضے کی نظر ہو جاتا ہے ۔ اور IMFکی سود خوری کی وجہ سے عوام کا خون نچوڑ جارہا ہے ۔ وہ ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی رابطہ مہم کے سلسلے میں ناز پلازہ صدر میں تاجروں سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس سے سینئر نائب صدر سید لیاقت علی ناز پلازہ کے رہنما نوید احمد ، عثمان شریف کراچی اسپورٹس کے صدر سلیم ملک، صدر ٹریڈرز الائنس کے رہنما محمد ربّان پاکستان کنفیکشنری ایسوسی ایشن کے چیئرمین جاوید حاجی عبد اللہ ، اقبال یوسف ، محمد عارف ، کامران صدیقی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ اسمال ٹریڈرز کے صدر نے کہا کہ جمعہ25 اکتوبر کو تاجر اپنے مطالبات کے حق میں بولٹن مارکیٹ ایم اے جناح روڈ پر دھرنا دیں گے۔ جس کی قیادت مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چودھری کریں گے اور اس دھرنے میں کراچی کی تمام مارکیٹوں کے تاجر بھر پور شرکت کریں گے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت NICکی شرط کو ختم کرکے فکسڈ ٹیکس نظام نافذ کرے ۔ ملک کی معیشت کے رکے ہوئے پہیے کو چلانے کے لیے تاجروں کے مطالبات کی منظوری ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک کے تاجر 29,30 اکتوبر کی ہڑتال پر متفق ہیں ۔ ملک بحران کا شکار ہے ۔ کارخانے بند اور مزدور بے روزگار ہو رہے ہیں۔ ملک کی معیشت کو بچانے کے لیے IMFکی ڈکٹیشن سے نکلنا ہو گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے