English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

لیبیا میں متحارب فریقین جنگ کی تیاری میں مصروف

القمر

طرابلس (انٹرنیشنل ڈیسک) لیبیا میں دارالحکومت طرابلس پر قبضے کے لیے متحارب فریقوں میں خونریز جھڑپوں کے متضاد دعوے کیے جا رہے ہیں۔ علاقے کی صورتحال پر نظر رکھنے والے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ان دعووں کی تصدیق مشکل ہے۔ لیبیا میں عالمی طور پر تسلیم شدہ حکومت اور باغی جنرل خلیفہ حفتر کی ملیشیا اقتدار پر قبضے کے لیے دارالحکومت کے قرب و جوار میں ایک دوسرے پر کامیابی کے دعوے کرتے رہتے ہیں۔ دونوں کی کوشش ہے کہ اپنے مدمقابل سے فوجی اہمیت کے ٹھکانوں اور دوسرے علاقوں کا قبضہ چھین لیا جائے۔ امریکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق طرابلس کی سرکاری افواج دارالحکومت کے اندر ازسر نو ٹھکانے بنا رہی ہیں۔ دوسری جانب ایک وڈیو جاری کی گئی ہے، جس میں خلیفہ حفتر کی ملیشیا پیش قدمی کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ وزیراعظم فائز السراج کی طرابلس حکومت کے ایک ٹوئٹر اکاونٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کی افواج نے باغی ملیشیا کے راکٹوں اور فوجی گاڑیوں کو تباہ کر دیا ہے۔ واشنگٹن میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے پروفیسر پاول سیلون کا کہنا ہ کہ لیبیا میں جنگ سے متعلق غلط معلومات کی تشہیر کا سلسلہ جاری ہے۔ واضح رہے کہ طرابلس حکومت کے قریبی ذرائع ابلاغ الزام لگاتے ہیں کہ خلیفہ حفتر کی ملیشیا نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دارالحکومت کے اندر گولا باری میں ایک ہی خاندان کے افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا جب کہ دوسری جانب باغیوں کے وفادار میڈیا نے اسپیکر پارلیمان عاقلہ صلاح کو ان لوگوں کے اہل خانہ سے ملاقات کرتے ہوئے دکھایا ہے، جنہیں مبینہ طور پر طرابلس حکومت کی فوجوں نے ہلاک کر دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے