شہباز شریف نے وزیر کارجہ کے سعودی عرب سے متعلق بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دوست برادر ممالک سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیان قابل مذمت ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ناعاقبت اندیشی سے خارجہ میدان میں پاکستان کو تنہائی کا شکار کر رہی ہے لگتا ہے حکومت خارجہ محاذ پر حماقت یا پھر کسی دانستہ ایجنڈے کے تحت زک پہنچارہی ہے ۔
شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب نےپاکستان کو ہرمشکل مرحلے میں قومی مفادات میں ساتھ دیا ہے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک اور تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں سعودی عرب کے ساتھ حکومت کے ربط و تعلق اور انداز بیان پر قوم کو تشویش ہے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ امت کے اتحاد اور ان میں اختلافات کو سلجھانے میں کردار ادا کیا ہے اس سے پہلے بھی دوست اور قریبی ممالک کے ساتھ ایسی حرکتیں کر چکی ہے حکومت سعودی عرب سے معذرت کرے اور معاملات کو دانائی اور احسن انداز میں ڈیل کرے۔

