مینلو پارک؍ کیلیفورنیا (انٹرنیشنل ڈیسک) فیس بک نے یہود نوازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہولوکاسٹ کے خلاف مواد نشر کرنے پر پابندی عائد کردی۔ خبررساں اداروں کے مطابق فیس بک انتظامیہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ نفرت پر مبنی مواد کے حوالے سے اپنی پالیسی کو جدید تر بناتے ہوئے ایسے کسی بھی مواد پر پابندی عائد کررہی ہے، جو ہولوکاسٹ کی تردید یا اس سے متعلق شبہات پیدا کرے گا۔ 2018ء میں فیس بک کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے ’’ری کوڈ‘‘ نامی ٹیک ویب سائٹ سے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ ہولوکاسٹ سے انکار کو سخت ناپسندیدہ سمجھتے ہیں، لیکن ان کے نزدیک فیس بک سے ایسے مواد کو نہیں ہٹایا جائے گا۔ تاہم اب 2 سال بعد یہ قدم اٹھا لیا گیا ہے۔ یہودی النسل زکربرگ نے فیس بک پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ میں آزادی اظہار کا ساتھ دینے اور ہولوکاسٹ سے انکار یا اس کی ہولناکی کو کم کرنے کے درمیان کشمکش میں رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ڈیٹا دیکھا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہود مخالف تشدد میں اضافہ ہوا ہے اور اس سے ان کی سوچ اور ادارے کی نفرت پر مبنی ابلاغ سے متعلق وسیع تر پالیسی میں بتدریج تبدیلی آئی ہے۔ دی ورلڈ جیوش کانگریس اور امیریکن جیوش کمیٹی نے فیس بک کے اس اقدام کو سراہا ہے۔ اپنے ایک بیان میں گروپ کا کہنا تھا کہ ورلڈ جیوش کانگریس کئی برسوں سے مطالبہ کر رہی تھی کہ ہولوکاسٹ سے انکار پر مبنی مواد کو فیس بک اپنے پلیٹ فارم سے ہٹا دے۔ اس موسم گرما میں شہری حقوق کے لیے کام کرنے والے گروپوں نے فیس بک کے اشتہارات سے متعلق بائیکاٹ کا وسیع تر اہتمام کیا، تاکہ سوشل میڈیا کمپنیوں پر دباؤ ڈالا جا سکے کہ وہ نفرت پر مبنی مواد کو اپنے اپنے پلیٹ فارم سے ہٹائیں۔ اینٹی ڈیفی میشن لیگ کے چیف ایگزیکٹو جوناتھن گرین بلاٹ نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ اس پیش رفت میں بہت سے سال لگ گئے اور وہ خود شخصی طور پر اس معاملے پر فیس بک سے رابطے میں رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہولوکاسٹ سے انکار پر پابندی عائد کرنا بہت بڑی بات ہے اور انہیں خوشی ہے کہ ایسا ہوا۔ فیس بک کے مطابق امریکا میں 18 سے 39 سال کی عمروں کے ایک چوتھائی افراد کے نزدیک ہولوکاسٹ ایک فرضی کہانی ہے اور یہ کہ اسے بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے۔ فیس بک کا کہنا تھا کہ اس کی نئی پالیسیوں کا اطلاق راتوں رات نہیں ہو گا۔ نئی پالیسیوں کے اطلاق کے لیے ہمیں اپنے نظر ثانی کرنے والوں اور سسٹم کی تربیت کرنا ہو گی۔
فیس بک کی یہود نوازی ،ہولوکاسٹ مخالف مواد پر پابندی
القمر
