امریکی نومنتخب صدر جوبائیڈن نے بھی ایرانی ایٹمی پروگراموں پر پابندی کی مدت بڑھانے کی حمایت کردی ہے.
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکہ کے 46 ویں نومنتخب صدر ڈیموکریٹ امیدوار جوبائیڈن نے کہا ہے کہ ایران کے نیوکلیئر پروگرام پرپابندیوں کی مدت بڑھائی جائے، اور میزائل پروگرام پرتحفظات دور ہوں.
انہوں نے کہا کہ مشکل تو ہوگا مگرایران نیو کلیئرڈیل سے متعلق سمجھوتے پر قائم رہیں گے اور اتحادیوں سے مل کر کوشش کریں گے کہ مزید معاہدے کیے جائیں.
امریکی نومنتخب صدر جوبائیڈن نے چین کے حوالے سے کہا کہ ڈونلڈٹرمپ کی جانب سے بیجنگ پرعائد 25 فیصد ٹیرف فی الحال ختم نہیں کیا جائے گا، ایشیا اور یورپ سے مشورہ کرکے چین پر مربوط حکمت عملی تیارکی جائے گی.
جوبائیڈن کا مزید کہنا تھا امریکا کیلیے سب سے اچھا کام یہ کیا کہ اسے ڈونلڈٹرمپ کے مزید 4 برسوں سے بچالیا.
واضح رہے کہ ڈیموکریٹ امیدوار جوبائیڈن امریکا کے 46 ویں صدر منتخب ہوگئے ہیں، جوبائیڈن کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 306 ہے جبکہ ان کے حریف ری پبلکن امیدوار صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 232 ہے جس کے بعد ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار جوبائیڈن غیر سرکاری نتائج کے مطابق کامیاب قرار پائے ہیں۔

