English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

نیب کے مظالم بےنقاب کرنے کیلئے سینیٹرز متحد ہیں: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے مظالم کو بےنقاب کرنے کے لیے ایک ایک سینیٹر متحد ہے۔ نیب سب کا احتساب کرتا ہے، ہم اس کا احتساب کریں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ نیب ہر آدمی کو ذلیل کرتا ہے، پگڑی اچھالتا ہے۔ نیب نے ظلم کیے ہیں۔ نیب کی تحویل میں لوگ مرے ہیں۔ لوگ مجھے کالز کر کے کہتے ہیں کہ آپ نیب کے خلاف جہاد کریں ہم ساتھ ہیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نیب کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا ہے۔ جلد آرمی چیف کو بھی خط موصول ہوجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب نے اگر مجھ پر اور ساتھیوں پر حملہ کیا تو ان کو ہر جگہ بےنقاب کریں گے۔ نیب کی عزت نہ بیورو کریسی میں ہے نہ عدلیہ میں اور نہ ہی سیاست میں۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ سینیٹ جو کام کرنے جا رہی ہے یہ کسی ایک فرد کے لیے نہیں بلکہ جس جس کے ساتھ نیب نے یہ ظلم کیا سب کو ہیومن رائٹس کمیٹیز میں بلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کے خلاف تحقیقات کریں گے۔ نیب کے اسٹاف کی ڈگریاں چیک کریں گے۔ ہم بتائیں گے کہ نیب کسٹڈی میں کتنے لوگ مرے۔ نیب کی حراست میں جتنے لوگوں کی اموات ہوئیں سب سامنے لائیں گے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نیب کی طرح ایک کمرے میں انویسٹی گیشن نہیں کریں گے۔ جب ان کی انویسٹی گیشن ہوگی تو آپ سب بیٹھیں گے۔ نیب کا اصل چہرہ عوام کے سامنے رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ ایسا ہوگا کہ کوئی نیب کا احتساب کرے گا۔ نیب کے بیانیے پر لوگ اب ہنستے ہیں۔ سینیٹ نیب کے آمدنی سے زائد اثاثہ جات چیک کرے گا۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ نیب کے حالیہ 2 بیانیے سے منگلا ویو ریزورٹ میں بے نامی شیئرز کا معاملہ ختم ہوگیا۔ نیب نے غوری ٹاؤن سمیت جتنی جگہوں پر جو انویسٹمنٹ کی ہمیں معلوم ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ٹارگٹ کرنے کے لیے صرف سیاستدان ہی  رہ گئے ہیں؟

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت سے کہتا ہوں کہ مل کر نیب آرڈیننس کے لیے ترمیم لائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے