English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

آئی ایم ایف جانے میں تاخیر ہماری غلطی تھی، عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہورہاہے

 

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آئی ایم ایف جانے میں تاخیر اور اداروں کی اصلا حات کا عمل شروع نہ کرنا ہماری غلطی تھی۔ان کے بقول اپوزیشن پراعتماد ہے تو انہیں بیرون ملک سے مدد حاصل ہوگی، پاکستان کے اندر جو کچھ بھی ہو رہا ہے اس کے پیچھے بھی کوئی سورس ہے،ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، کچھ ممالک کا اتحاد پاکستان کو تگڑانہیں دیکھنا چاہتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کالم نگاروں اور اخبارات کے ایڈیٹرز سے ملاقات میں کیا ۔ وزیر اعظم نے کہا این آراواورکرپشن کے سواحکومت اپوزیشن سے ہرموضوع پر بات کرنے کو تیار ہے، اپوزیشن مجھے ہٹانا چاہتی ہے تو تحریک عدم اعتماد لائے ،لاہورجلسے کی اجازت نہیں دی لیکن روکیں گے بھی نہیں، اپوزیشن پراعتماد ہے تو میں بھی پراعتماد ہوں، اپوزیشن استعفے دے توضمنی انتخابات کرادوں گا، مجھے ہر پالیسی پر فوج کی مکمل حمایت حاصل رہی ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ نیب کوآج ختم کردیںتو اپوزیشن اسمبلیوں میں آکربیٹھ جائے گی،کرپٹ سیاسی اشرافیہ نظام نہیں
چلنے دے رہی لیکن یہ نظام چلے گا ،ہمیں پتاہے کہ مشکل وقت ہے،لیکن مجھے یہ بھی پتاہے کہ جیت میری ہوگی ۔اپوزیشن انتشار پھیلانا چاہتی ہے،اپوزیشن چاہتی ہے کہ ہم طاقت کا استعمال کریں،حکومت طاقت کا استعمال نہیں کرے گی، اپوزیشن والے ہمیں الجھاناچاہتے ہیں ، حکومت کی رٹ کمزورنہیں ہے،عدالت کے فیصلے کا احترام کریں گے ۔وزیراعظم کے مطابق ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مسلم ممالک کو غیر مستحکم کیا گیا اور پاکستان میں بھی یہ سازش ہورہی ہے، عراق میں جو کچھ ہوا وہ بھی اسی وجہ سے ہو، عراق اور ایران کو آپس میں لڑا کر دونوں ملکوں کو توڑنے کی کوشش کی گئی ، سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی پیدا کرکے دونوں ملکوں کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔اس سارے عمل کے کے پیچھے ایک پورا منصوبہ موجود ہے۔ عمران خان نے کہا سینیٹ الیکشن کے بعد بلدیاتی الیکشن کروائیں گے۔ وزیراعظم نے الزام عائد کیا کہ نلیگ کے 40 رہنماایسے ہیں جنہوں نے سرکاری زمینوں پر قبضے کررکھے ہیں، چاہتا ہوں اسمبلی میں سوالات کا جواب دوں لیکن مجھے بات بھی نہیں کرنے دی جاتی،بنڈل آئی لینڈ وفاقی حکومت کی زمین ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کورونا وائرس خطرناک ہوتا جارہا ہے،کوئی نہیں کہہ سکتا کہ مزید کیا تباہی پھیلائے گا، کورونا کو عوام کی مدد کے بغیر شکست نہیں دی جا سکتی، مکمل لاک ڈاون پاکستان جیسے ملک کے لیے تباہی ہو گا ۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ تعمیراتی شعبے میں بڑی تیزی سے کام ہو رہا ہے اس سے پاکستان کی معیشت کو بہت مدد مل رہی ہے ،معاشی طورپراب ہم سیدھے رستے پرچل پڑے ہیں۔

 

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے