کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نورحق میں پی آئی بی کالونی کے دکانداروں کے وفد نے ریاض احمد پراچہ اور طاہر حسین کی قیادت میں ملاقا ت کی اور کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی چوری کے جھوٹے الزام پر لاکھوں روپے کی اوور بلنگ کے خلاف پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کی قانونی معاونت فراہم کرنے اور بل درست کرانے پر شکریہ اداکیا۔اس موقع پر نائب صدر پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی عمران شاہد ،نصیر اللہ حسینی ،امین الدین دانش ودیگر بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی شہریوں کے مسائل حل کرانے کے لیے توانا آواز ہے، خصوصا ً ان لوگوں کے لیے جن کے مسائل اور پریشانیوں کو دور کرنے والا کوئی نہیں ہوتا،جماعت اسلامی ہمیشہ سے مظلوموں ،محروموں اور مجبوروں کے ساتھ ہے اور آئندہ بھی ان کے شانہ بشانہ رہے گی ،جماعت اسلامی نے ماضی میں بھی کراچی کے عوام کے بے شمار مسائل حل کرانے کے لیے قانونی و جمہوری جدوجہد کی ہے ، جماعت اسلامی خدمت پر یقین رکھتی ہے ، ہم نے بلاتفریق رنگ ونسل شہریوں کی خدمت اور مدد کی ہے خصوصاً کے الیکٹرک اور نادرا کے ستائے ہوئے شہریوں کو قانونی معاونت فراہم کی اور آئندہ بھی مسائل حل کرانے کے لیے جمہوری جدوجہد جاری رکھیں گے اور آئینی وقانونی معاونت فراہم کریں گے۔اس موقع پر عمران شاہد نے بتایا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے لاکھوں روپے کے زاید بلز اووربلنگ ،بجلی چوری کے نام پر بھیجے جارہے تھے اور تاجروں کو ڈرایا اور دھمکایا بھی جارہا ہے ،دکانداروں نے پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی سے رابطہ کیا جس پر ہم نے قانونی معاونت فراہم کی اور نیپرا نے کے الیکٹرک کو حکم دیا کہ پی آئی بی کالونی کے ان چھوٹے دکانداروں پر لگائے گئے جھوٹے الزامات اورلاکھوں روپے کے بلز کو ختم کیا جائے اور 20دن کے اندر نیپرا میں رپورٹ جمع کرائی جائے ۔

