English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اپوزیشن زندگیوں سے نہ کھیلے ، جلسے ملتوی کردے ، وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

 

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ اپوزیشن عوام کی زندگیوں سے نہ کھیلے ،چندماہ کے لیے جلسے ملتوی کردے۔جمعرات کو کورونا کے حوالے سے قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) اجلاس کے بعد گفتگو میں ان کا کہنا تھاکہ جلسوں سے مجھے یا حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا لیکن یہ وقت لوگوں کو اکٹھا کرنے کا نہیں کیوں کہ اس طرح سب کی جانیں خطرے میں آئیں گی۔وزیراعظم نے کہا کہ زیادہ لوگوں کے جمع ہونے سے زیادہ کورونا پھیلتا ہے، کوئی اجتماع ہوتا ہے تو ہفتہ دس دن بعد اس کے اثرات نظر آنا شروع ہوجاتے ہیں۔عمران خان کا کہنا تھاکہ ملتان میں اپوزیشن کے جلسے کے بعد کورونا وارڈ 64 فیصد اورپشاور میں 40فیصد بھر چکے ہیں، یہ وقت ہے کہ قوم اتحاد کے ساتھ ایس او پیز پر چلے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر میں باقی دنیا کے لیے بھی ایس او پیز پر عمل درآمد مشکل ہوگیا ہے ، ہم نے پہلی لہر میں اپنے لوگوں کو لاک ڈاؤن سے بچایا،پہلی لہر میں قوم نے ایس او پیز پر عمل کیا ، اپیل ہے کہ دوسری لہر میں بھی ایس او پیز پر عمل کرے،ماسک کے
استعمال سے کورونا پھیلنے کا خدشہ کم ہوجاتا ہے، اگر اسی طرح کورونا کیسزمیں اضافہ ہوتا رہا تواسپتال بھرجائیں گے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکا اوریورپ میں کورونا کیسزمیں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، بھارت میں کورونا سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد اموات ہوئیں۔علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاوسنگ، تعمیرات و ڈیولپمنٹ کے ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کی ۔ انہوںنے متعلقہ اداروں کو ہاؤسنگ منصوبوں کی انتظامی منظوری کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی ، یہ بھی تاکید کی کہ تعمیرات کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ کا خاص خیال رکھا جائے۔مزید برآں وزیراعظم نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ ہٹ دھرم بھارتی حکومت کا نوٹس لے جو عالمی نظام کے استحکام کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔اپنی ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ یورپی یونین کے DISINFOگروپ کی طرف سے مذموم سرگرمیوں کے بڑے بھارتی گر وپ کے انکشاف سے پاکستان کے موقف کی توثیق ہوتی ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہپاکستان مسلسل خطے میں جمہوریتوں کو کمزور کرنے کے لیے بھارت کی مذموم سرگرمیوں کے بارے میں عالمی برادری کی توجہ مبذول کراتا رہا ہے،بھارت جعلی خبررساں اداروں اور تھنک ٹینکس کے ذریعے شدت پسندی کی فنڈنگ اور اس کو بیرون ملک ترغیب دے رہا ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت نے حال ہی میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے بارے میں ایک ڈوزیئر اقوام متحدہ کے حوالے کی۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے