اسلام آباد: ادارہ شماریات پاکستان نے کہاکہ انڈوں کی نئی قیمت 220 روپے فی درجن ہوگئی، ایک ماہ میں انڈے 40 روپے فی درجن مہنگے ہوئے تاہم چینی اور آٹے کی قیمت میں بدستور کمی آرہی ہے۔
ادارہ شماریات کی جانب سے ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق رپورٹ جاری کردی،ملک میں حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.126 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعدمہنگائی کی شرح ہفتہ وار بنیادوں پر 8.44 کی سطح پر آگئی ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتہ کے دوران 16 اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 13 اشیائے خوردنوش کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ 22 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ادارہ شماریات کے مطابق انڈے اور چکن کی قیمتیں کنٹرول نہ ہو سکیں، ایک ہفتے کے دوران فی درجن انڈوں کی قیمت میں 13 روپے اضافہ ہوا۔جاری رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران چکن کی فی کلو قیمت میں ایک روپے کا اضافہ ہوا، گزشتہ ہفتے کے دوران لہسن، گھی، چاول کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔
جاری رپورٹ کے مطابق قیمتوں میں اضافے کے بعد انڈوں کی نئی قیمت 220 روپے فی درجن ہوگئی، ایک ماہ میں انڈے 40 روپے فی درجن مہنگے ہوئے۔ کوئٹہ میں انڈوں کی قیمت 220 روپے فی درجن ہوگئی، پشاور میں انڈوں کی قیمت 210 روپے، اسلام آباد، راولپنڈی، سیالکوٹ اور سرگودھا، ملتان، لاڑکانہ، سکھر، بنوں اور خضدار میں انڈوں کی قیمت 200 روپے فی درجن ہوگئی جبکہ کراچی اور گوجرانوالہ میں انڈے 195 روپے فی درجن تک پہنچ گئے۔
ادارہ شماریات کے مطابق چینی کی قیمتوں میں مسلسل کمی ہورہی ہے اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران چینی کی فی کلو قیمت میں 6 روپے تک کمی ہوئی ہے،چینی کی فی کلو قیمت 81 روپے فی کلو تک ہوگئی ہے، سب سے سستی چینی سکھر میں 75 روپے فی کلو میں فروحت ہورہی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق بہاولپور، سیالکوٹ، فیصل آباد، کراچی، حیدر آباد اور خضدار میں چینی کی فی کلو قیمت 80 روپے ہے جبکہ کوئٹہ میں چینی 81 روپے اور ملتان میں فی کلو قیمت 82 روپے ہے۔
ادارہ شماریات نے بتایا کہ لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ اور لاڑکانہ میں چینی کی فی کلو قیمت 85 روپے ہے جبکہ پشاور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں چینی 85 سے 90 روپے فی کلو تک ہے۔
خیال رہے کہ ملک میں چینی کی قیمت 100 روپے سے زائد ہوگئی تھی۔

