


اسلام آباد ( آن لائن+صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے 3وزراکے قلمدان تبدیل کر دیے۔شیخ رشید احمد کو من پسند وزارت داخلہ مل گئی۔بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ وفاقی وزیر انسداد منشیات ہوں گے ،اعظم سواتی کو وزارت ریلوے کا قلمدان سونپ دیا گیا جبکہ مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ 6ماہ کے لیے وفاقی وزیر بن گئے۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔جمعہ کو
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کے سینئررہنماوں کا اجلاس ہوا، جس میں ملکی موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔وزیراعظم نے کابینہ میں ہونے والی حالیہ تبدیلیوں پر بھی اعتماد میں لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حفیظ شیخ کے بعد مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کو بھی 6 ماہ کے لیے وفاقی وزیر بنایا جاسکتا ہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم آئین کے آرٹیکل 91 کے تحت کسی غیر منتخب شخص کو 6 ماہ کے لیے وفاقی وزیر مقرر کرسکتے ہیں،عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد اور ڈاکٹر فیصل سلطان کو مارچ2021ء میں سینیٹر بنائے جانے کا بھی امکان ہے، سینیٹر منتخب ہونے کے بعد تینوں مشیر وفاقی وزیر بن سکتے ہیں۔علاوہ ازیں عبدالحفیظ شیخ نے بطور وفاقی وزیرکے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔حلف برداری کی تقریب ایوان صدرمیں ہوئی اورصدر ڈاکٹر عارف علوی نے حفیظ شیخ سے حلف لیا۔تقریب میں وفاقی وزرا ،اراکین قومی اسمبلی اور پارٹی کے سینئر رہنمائوں سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔مزید برآں شیخ رشید احمد بطور وفاقی وزیر داخلہ اپنی پہلی پریس کانفرنس میں کہا کہ اپوزیشن شوق سے اسلام آباد آئے، ہم نے بھی یہاں 126دن کا دھرنا دیا تھا لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ ان کا کہنا تھا کہملکی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوششیں ناکام ہوں گی ،قانون کی بالادستی یقینی بنائیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کو لگتا ہے کہ جلسوں سے کچھ ہوگا تو سن لے عمران خان کہیں نہیں جارہے، عمران خان مینار پاکستان سے اوپر گئے اپوزیشن مینار پاکستان سے نیچے جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ اس ملک کو سرحدوں سے نہیں اندر سے خطرہ ہے، ملک میں غیر ملکی فنڈنگ کی جارہی ہے تاکہ ملک میں اندر سے انتشار پھیلایا جائے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ لوگ سچائی کی سیاست میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں، یہ کہتے ہیں عمران خان سے بات نہیں ہوسکتی تو دل کے اندر کی بات باہر لائیں کہ پھر کس سے بات کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم چوں چوں کا مربہ ہے، یہ صرف لوٹی ہوئی دولت بچانا چاہتے ہیں اور کیسز سے نجات چاہتے ہیں، یقین دلاتا ہوں کہ 13دسمبر کے بعد عمران خان کے لیے خوشخبریاں ہیں، حکومت کے لیے بہتری اور ان کے لیے ناکامی ہے جبکہ یہ اسی طرح کی سیاست کرتے رہے تو عمران خان اگلے انتخابات بھی جیتیں گے۔ شیخ رشید احمد نے اپوزیشن کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفا کرو گے وفا کریں گے، جفا کرو گے جفا کریں گے۔ وفاقی وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ اقتدار کے بھوکے لوگ اتوار بازار لگانے جا رہے ہیں، انہیں اس کی کھلی اجازت ہے۔ شیخ رشید نے واضح کیا کہ مجھے کوئی ٹاسک نہیں ملا، اپنی ذمے داریوں کا پتا ہے،بارڈرمینجمنٹ کا سسٹم لاؤں گا، غریبوں کو بھی پاسپورٹ کی سہولت حاصل ہوگی، حکومت نواز شریف کو واپس لانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے، ملک میں منی لانڈرنگ اور لوٹ مار کا دور اب ختم ہوگا۔
