کراچی(رپورٹ:منیر عقیل انصاری) کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات برائے سال2021کے سلسلے میں کاغذات نامزدگی جمع کر نے کا پہلا مرحلہ مکمل کر گیا ہے،اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے لیے اراکین کراچی پریس کلب نے بھرپور شرکت کی، امیدواروں کوکاغذات نامزدگی جمع کرنے کے لیے 12دسمبر سہہ پہر4 تاشام7 بجے کاوقت دیا گیا تھا۔
چیئرمین الیکشن کمیٹی ڈاکٹر توصف احمد خان سمیت دیگر نے امیدواروں سے کاغذات وصول کیے،امیدواروں نے کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں صدر،نائب صدر،خزانچی، سیکرٹری،جوائنٹ سیکر ٹری،اور گورننگ باڈی کی7 نشستوں کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔

کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات 2021کے لیے مختلف پینلز کی جانب سے صدر سمیت دیگر عہدوں کے لیے مجموعی طور 204کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے صدر کے لئے31،نائب صدر کے لئے14،خزانچی کی نشست کے لئے13،سیکرٹری کی نشست پر 23،جوائنٹ سیکرٹری کی نشست پر19،جبکہ گورننگ باڈی کی7 نشستوں پر104 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

چیئرمین الیکشن کمیٹی ڈاکٹر توصیف احمد خان کے مطابق12 دسمبر کوکاغذات نامزدگی جمع کر انے کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہیں۔14دسمبربروز پیرشام 4تا5بجے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کا جائزہ لیا جائے گا،کاغذا ت کی جانچ پڑتال 15دسمبر بروز منگل شام5 بجے تک ہوگی۔

امیدواروں کی ابتدائی فہرست17دسمبربروز جمعرات شام5 تک جاری کی جائے گی۔کاغذات نامزدگی پر اعتراضات کی سماعت 18دسمبربروز جمعہ شام 4 تا5 بجے تک ہوگی، امیدواروں کی حتمی فہرست19 دسمبربروز ہفتے کو شام5بجے جاری کی جائے گی۔
امیدوارانتخابات سے دستبر داری کے لئے کاغذات نامزدگی 22 دسمبر بروز منگل شام4 تا 7 بجے کے دوران واپس لے سکیں گے اورانتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی حتمی فہرست 23دسمبر بروز بدھ کو شام7 بجے جاری کی جائے گی۔انتخابات کے لیے پولنگ 26دسمبر2020 بروزہفتہ صبح9 تا شام 5 بجے بغیر کسی وقفے کے کراچی پریس کلب میں ہو گی۔

کراچی پریس کلب کے انتخابات برائے سال 2021 کے سلسلے میں ہفتے کے روز کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے حوالے سے پریس کلب میں دوپہر سے رات گئے تک اراکین کی گہماگہمی رہی اور پریس کلب کے اراکین سالانہ انتخابات اورحالات حاضرہ پر آپس میں تبادلہ خیال کرتے نظر آئے۔اس موقع پرسینئرصحافیوں اوراراکین پریس کلب کی کثیر تعداد موجودتھی۔

