کراچی/ اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر/ خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں کورونا سے مزید71 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد اس وبا سے لقمۂ اجل بننے والے مریضوں کی تعداد8 ہزار 724 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کورونا کے41 ہزار 426 ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد ٹیسٹوں کی مجموعی تعداد 59 لاکھ 90 ہزار 168 ہوگئی ہے۔ گزشتہ24 گھنٹے کے دوران 2 ہزار 729 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 35 ہزار 56 ہوگئی ۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 92 ہزار 735 ہے۔ پنجاب میں ایک لاکھ 26 ہزار 526 ، خیبر پختونخوا میں 51 ہزار 404، بلوچستان میں 17 ہزار 696، اسلام آباد میں 34 ہزار 300، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 775 جب کہ آزاد کشمیر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 7 ہزار 620 ہے۔ پنجاب میں اس مرض سے جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہزار 320 ہے۔ سندھ میں 3 ہزار 132، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 455، بلوچستان میں 173، اسلام آباد میں 358، آزاد کشمیر میں 188 جب کہ گلگت بلتستان میں اس وبا سے 98 مریض جاں بحق ہوئے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مزید2116صحتیاب ہوئے جس کے بعد اب تک 3 لاکھ 81 ہزار 208 مریض اس وبا سے نجات پا چکے ہیں جبکہ فعال مریضوں کی تعداد 45ہزار124ہے جن میں سے 2470 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔دریں اثنا سندھ حکومت نے ریسٹورنٹس کے لیے اوقات کار میں تبدیلی کر دی‘ محکمہ داخلہ کی جانب سے ریسٹورنٹس کے لیے آؤٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت رات 10بجے تک ہوگی جبکہ پارسل اور ہوم ڈلیوری کے لیے رات ایکبجے تک ہوٹل و ریسٹورنٹس کھلے رکھے جا سکتے ہیں۔ نئے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن پرعمل درآمد31جنوری 2021ء تک ہوگا۔

