English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کا لوہا منوانے کیلئے بھرپور موقع ہے،اعجاز احمد

القمر

کوئنز ٹاون(جسارت نیوز) پاکستان شاہینز کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بابراعظم کی غیر موجودگی قومی ٹیم کے لئے بہت بڑا نقصان ہے اس مشکل وقت میں نوجوان کھلاڑیوں کے حوصلے بڑھانے پر توجہ مرکوز ہے۔نوجوان کھلاڑیوں کے لئے صلاحیتیں منوانے کا سنہری موقع ہے دورہ نیوزی لینڈ حیدرعلی کے لئے بہت اہم ہوگا۔ پیر کو ورچوئل پریس کانفرنس کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اعجاز احمد نے کہا کہ قرنطینہ کی وجہ سے سیریز کے لئے ہماری تیاریاں متاثر ہوئیں ایک 4 روزہ پریکٹس میچ نہ ہو سکا۔ 14 روز قرنطینہ میں گزارنے کے بعد ٹریننگ شروع کرنا آسان نہیں ہے۔ کھلاڑیوں کو پہلے دو تین دن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم اب ان کا پورا فوکس ٹریننگ پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پوری توجہ اس مشکل وقت میں نوجوان کھلاڑیوں کے حوصلے بڑھانے پر مرکوز ہے۔ اعجاز احمد نے کہا کہ شاہینز کے کھلاڑی اپنا ردھم حاصل کر رہے ہیں نیوزی لینڈ اے کے خلاف 4 روزہ میچ ان کے لئے فارم میں واپس آنے کا اچھا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد عباس کا گیند پر کنٹرول بہترین ہے اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ان سے اچھی کارکردگی کی امیدیں ہیں۔ دیگر نوجوان بولر بھی باصلاحیت ہیں اور نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہورہے ہیں۔ اعجاز احمد نے کہا کہ بابراعظم اور امام الحق کی انجری سے پاکستانی ٹیم کی کارکردگی متاثر ہوگی کیونکہ وہ اچھے کھلاڑی ہیں امید ہے وہ انجری سے صحت یابی کے بعد بھرپور واپسی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ دورہ نوجوان بلے باز حیدر علی کے لئے بہت اہم ہوگا اس دورے سے انہیں سیکھنے اور بڑھنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ حیدر علی اس وقت ٹی ٹوئنٹی کھیل رہے ہیں اور امید ہے وہ جلد ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں کھیل کر مستقل حصہ بن جائیں گے۔ اعجاز احمد نے کہا کہ میرے خیال میں کھلاڑی کو ہر فارمیٹ کے مطابق اپنے آپ کو ڈھالنا چاہیے آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر اس کی بہترین مثال ہیں جنہوں نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں اپنی صلاحیتوں کو منوایا اس کے بعد ون ڈے اور پھر ٹیسٹ میچ میں آئے۔ پاکستان شاہینز کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ پوری امید ہے ٹیسٹ سیریز میں بھی پاکستانی ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کپتان بابراعظم کی انجری بہت بڑا نقصان ہے لیکن اسکواڈ میں باصلاحیت نوجوان کرکٹرز موجود ہیں جن کے لئے یہ بہترین موقع اور چیلنج ہے کہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں۔ پاکستان شاہینز ٹیم کا 22رکنی اسکواڈ نیوزی لینڈ کے خلاف 4روزہ میچ میں شرکت کے لیے وانگرے پہنچ گیا جہاں17دسمبر کو میچ شیڈول ہے۔ان فٹ اوپنر امام الحق علاج کے بعد ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ بن گئے۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کوئنز ٹان میں انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ کھیل رہی ہے ۔کوئنز ٹان میں قومی اسکواڈ کا یہ تیسرا اور آخری ٹارگٹ پریکٹس میچ ہے۔ اسکواڈ میں شامل صرف بیٹسمین ہی بیٹنگ کررہے ہیں۔ بولرز کو مقررہ اہداف کے مطابق بولنگ کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔شاداب خان بیٹنگ کے ساتھ ساتھ بولنگ کی بھی پریکٹس کررہے ہیں۔ بابراعظم اور امام الحق نے پیر کوہلکی پھلکی فزیکل ٹریننگ کی۔ قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ آج آکلینڈ روانہ ہوگا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ18دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے