بھوپال (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں ایک اور مسلمان خاندان کو تشدد کا نشانہ بنا دیا گیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ کے آبائی ضلع میں غنڈوں نے نہایت دیدہ دلیری سے مسلمان خاندان کے گھر پر حملہ کر کے اہل خانہ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور جاتے ہوئے گھر کو آگ لگا دی۔ غنڈا گردی کا بدترین واقعہ مدھیہ پردیش کے ضلع دتتا کے گاؤں اکونا میں پیش آیا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابقضلعی ہیڈ کوارٹر سے تقریباً 15 کلو میٹر دور ایک گاؤں میں مسلح بدمعاشوں نے مسلمان خاندان پر لاٹھیوں، ڈنڈوں اور لوہے کی سلاخوں سے حملہ کیا، اور پھر گھر کو آگ لگا دی۔پولیس کے مطابق مذکورہ خاندان کا سربراہ زرعی مزدور ہے، اور وہ اپنی بیوی بسم اللہ نٹ اور سالی سجنا نٹ کے ساتھ رہتا ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ گاؤں کے راجا بھیا گوجر، رام پال گوجر، رام اوتار گوجر اور بلی گوجر نامی افراد نے ان کے گھر میں گھس کر حملہ کیا۔ گھر میں گھس کر اہل خانہ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور جاتے جاتے مکان کو آگ لگا گئے۔پولیس کو درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق متاثرین کا حملہ آوروں کے ساتھ زمین کا تنازع چل رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان اس سے قبل بھی مسلمان خاندان کے ساتھ زبانی تو تکار کرتے رہے اور دھمکیاں دے چکے تھے۔ متاثرین نے پہلے بھی پولیس کو شکایت درج کرائی، لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔واقعے کے بعد اہل علاقہ نے پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے فوری طور پر ملزمان کا گرفتار کرلیا ہے۔ دھیر پور کے تھانہ انچارج اشوتوش شرما کا کہنا ہے کہ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے چھاپامار کارروائیاں کی گئیں، جس کے بعد چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔واقعے کے بعد گاؤں میں کشیدگی ہے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔ دتیا کے پولیس سپرنٹنڈنٹ امن سنگھ راٹھور نے بتایا کہ گاؤں میں ملی جلی آبادی ہے، اس لیے ہر قسم کے احتیاطی اقدامات کیے گئے ہیں۔اس سے قبل بھی اسی ضلع میں ایک دلت خاندان پر اسی نوعیت کا حملہ کیا گیا تھا، جس میں بدمعاشوں نے ایک دلت خاندان کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کے گھر کو آگ لگادی۔ مذکورہ واقعے کے ملزمان تاحال فرار ہیں۔ بھارت میں مذہبی اور نسلی اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں اور دلتوں پر ہندوؤں کے حملے تشویش ناک حد تک بڑھ چکے ہیں۔
بھارت: مسلمان خاندان پر تشدد،گھر نذرِ آرش
القمر
