English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایران کے 2خفیہ عہدے داروں پر امریکی پابندیاں

القمر

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے ایران کی وزارتِ سراغ رسانی کے 2 عہدے داروں پر پابندیاں عائد کردیں۔ امریکی وزارتِ خزانہ کے مطابق ایران کی وزارتِ سلامتی وسراغ رسانی سے وابستہ محمد بصیری اور احمد خزاعی کو بلیک لسٹ کردیا گیا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اقتدار کے آخری دنوں میں ایران پر بدستور دباؤ جاری رکھا ہوا ہے اور ان کی انتظامیہ ہر چوتھے پانچویں روز ایران کے سرکاری عہدے داروں یا شخصیات یا اس کے اداروں کے خلاف پابندیاں عائد کررہی ہے۔ امریکا نے ان دونوں پر سابق ایف بی آئی ایجنٹ رابرٹ لیونسن کے اغوا میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے پیر کے روز سابق ایف بی آئی ایجنٹ کی ممکنہ موت کے لیے باضابطہ طور پر بھی ایران کو مورد الزام ٹھہرایا۔ رابرٹ لیونسن 13برس قبل اچانک لاپتا ہوگیا تھا۔ اس وقت سے اس کی کوئی خبر نہیں ہے۔ خیال یہی ہے کہ اب وہ زندہ نہیں ہے۔ امریکی انتظامیہ کے مطابق لیونسن کو مبینہ طور پر اغوا کیا گیا تھا، جس کے لیے ایرانی خفیہ ایجنسی کے یہ دونوں افسر ذمے دار ہیں۔ امریکی وزیر خزانہ اسٹیفن منوچن نے اس حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران میں رابرٹ لیونسن کا اغوا ایرانی حکومت کی غیر منصفانہ کارروائیوں کی حمایت کی ایک اشتعال انگیز مثال ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا ہمیشہ اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کو ترجیح دیتا رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے