اسلام آباد: اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے کہا ہے کہ خواتین کو ان کی مرضی کے مطابق لباس پہننے کی اجازت دی جانی چاہیے۔
شعیب اختر نے ویب شو میں گفتگو کے دوران مردوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ خواتین کی مدد نہیں کرسکتے تو انہیں جگہ دیں، خواتین جو کچھ بھی پہنتی ہیں وہ ان کا معاملہ ہے، آپ کون ہوتے ہیں کچھ کہنے والے، سارے تھانیدار بن کر آجاتے ہیں۔
اہلیہ سے متعلق سوال میں راولپنڈی ایکسپریس کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ نقاب کرتی ہیں کیونکہ یہ ان کا اپنا فیصلہ ہے، میں نے انہیں کبھی بھی نقاب کرنے کے نہیں کہا۔سابق فاسٹ نے اپنے روحانی پہلوں کے حوالے سے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں اسلامی اسکالرز سے سبق حاصل کیے اور معلومات میں اضافے کے لیے کئی اسلامی کتابیں بھی پڑھیں جس کے بعد ایک بار پھر فینٹسی لائف کا آغاز ہوگیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 16 سے 36 سال کی عمر تک میں نے ہر چیز سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے اپنی زندگی گزاری اور دنیا دیکھی، میں عالم نہیں ہوں لیکن مذہب کے بہت قریب ہوں، ہمارا مذہب ہمیں آزادی دیتا ہے اور ہمیں دوسروں کو بھی آزادی دینے کا درس دیتا ہے۔
