کراچی (اے پی پی )قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون کے آٹھویں رائونڈ کے دوسرے روز کے کھیل کے اخٰتتام پر سینٹرل پنجاب کے کپتان حسن علی کی غیر معمولی آل رائونڈ پرفارمنس کی بدولت بلوچستان کی ٹیم مشکلات سے دوچار ہے جبکہ سدرن پنجاب کو خیبر پختونخواہ کے خلاف پہلی اننگز میں مشکلات کا سامنا ہے، شرجیل خان کی شاندار سنچری 133 رنز کی بدولت سندھ نے ناردرن کے خلاف 150رنز کی برتری حاصل کر لی۔اسٹیٹ بینک اسٹیدیم میں جاری میچ میں سینٹرل پنجاب کے کپتان حسن علی کی غیر معمولی آل رائونڈ پرفارمنس کی بدولت بلوچستان کی ٹیم مشکلات سے دوچارہے ۔ میچ کے دوسرے روز منگل کو مجموعی طور پر 20 وکٹیں گریں ۔ دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو بلوچستان کی ٹیم نے فالو آن ہونے کے بعد دوسری اننگز میں 6وکٹوں پر 130 رنز بنائے ہیں ۔ حسن علی نے 3 اور وقاص مقصود نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ حسن علی میچ میں اب تک 8 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں ۔ بلوچستان کی ٹیم سنٹرل پنجاب کے پہلی اننگز کے 369 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں 130 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی تھی۔ حسن علی نے 32 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا ۔اس سے قبل سنٹرل پنجاب نے 297 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ سے دوسرے روز کھیل کا آغاز کیا اور پوری ٹیم 369 رنز بنا کی پویلین لوٹ گئی ۔ علی شان گزشتہ روز کے رنز میں اضافے کیے بغیر 28 رنز پر ہی آئوٹ ہو گئے، بلاول اقبال 9 رنز پر آئوٹ ہوئے ۔ سنٹرل پنجاب کے کپتان حسن علی نے ایک بار پھر ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ بلوچستان کی جانب سے جلات خان نے 116 رنز دے کر 6 وکٹیں کیں ۔ دوسرے میچ میں سدرن پنجاب کی ٹیم خیبر پختونخواہ کے خلاف پہلی اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے ۔ دوسرے روز کھیل کے اختتام پر سدرن پنجاب نے 145 رنز بنائے ہیں اور اس کے 5 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے ہیں ۔ زین عباس 64اور علی عثمان 6 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ ہیں ۔

