اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کی تمام خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے الیکشن شیڈول جاری کرنے کی ہدایت کردی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے کردہ اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن، سیکرٹری الیکشن کمیشن، پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء تاج حیدر اور الیکشن کمیشن کے افسران نے شرکت کی۔
سندھ حکومت کے مشیر قانون مرتضیٰ وہاب اور سندھ حکومت کے دیگر نمائندگان نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔سیکرٹری الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا کہ اس وقت پورے ملک میں 8 حلقوں پر ضمنی انتخابات زیر التواء ہیں جن میں 6 صوبائی اور 2 قومی اسمبلی کی نشستیں شامل ہیں ،بلوچستان اسمبلی کی 1 ، سندھ اسمبلی کی 3، پنجاب اسمبلی کی 1 اور خیبر پختونخواہ اسمبلی کی 1 نشست شامل ہے جبکہ قومی اسمبلی کیلئے پنجاب اور خبیر پختونخوا سے ایک ایک نشست خالی ہے، ان تمام حلقہ جات پر ضمنی انتخابا ت کا انعقاد کویڈ 19کی وجہ سے نہیں ہوسکاتھا۔
قبل ازیں الیکشن کمیشن کے استفسار پر سندھ اور بلوچستان کی حکومتوں نے ضمنی الیکشن کے انعقاد پر آمادگی کا اظہار کیا تھا جبکہ خیبر پختونخوا اور پنجاب کی حکومتوں نے التواء کی سفارش کی تھی۔ اجلاس میں تمام صوبائی حکومتوں کو شرکت کے لئے مدعو کیا گیا تھا لیکن ماسوائے سندھ حکومت کے کسی حکومت کی جانب سے کوئی نمائندہ نہ ذاتی حیثیت میں اور نہ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوا۔
الیکشن کمیشن نے تمام حقائق کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ چاروں صوبوں میںتمام خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا انعقاد کیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ انتخابات کے انعقاد کے دوران کویڈ 19 کے ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور مزید دفتر کو ہدایت کی کہ ضمنی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کرے۔

