سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ کو محمد عامر کی ضرورت ہے.
فاسٹ بولرمحمد عامر کی ریٹائرمنٹ سے متعلق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق قومی کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ کو محمد عامر کی ضرورت ہے اور محمد عامر کی ٹی 20 کرکٹ ابھی باقی ہے.
شاہد آفریدی نے کہا کہ محمد عامر کا فیصلہ بھی تھوڑا سا سخت تھا، بڑے شروع نہ کرتے تو چھوٹوں کو بات کرنے کا موقع نہ ملتا، انتظامیہ اور محمد عامر دونوں ذمے دار ہیں، اب معاملہ بڑا ہوگیا ہے تاہم بیٹھ کر یہ چیزیں ختم کی جاسکتی ہیں.
سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان کیلئے کھیلنے کا جو مزہ آتا ہے وہ کسی اور چیز میں نہیں،تگڑے اور کریکٹر والے کرکٹر چیلنجز قبول کرتے ہیں پرفارم کرکے واپس آتے ہیں جبکہ زندگی میں چیلنجز آتے ہیں جنھیں قبول کیا جاتا ہے.
واضح رہے کہ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے ٹیم مینجمنٹ سے دلبرداشتہ ہوکر انڑنیشنل کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا.
گزشتہ روز فاسٹ بولر محمد عامر کا وقار یونس پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مینجمنٹ کے ساتھ نہیں چل سکتا اس لیے 2 دن میں ریٹائرمنٹ کا باقاعدہ اعلان کردوں گا.
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے کھیلنا چاہتا ہوں لیکن موجودہ ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ نہیں، ہردوماہ کے بعد بولنگ کوچ بیان دیکربتاتے ہیں کہ آپ ہمارے پلان کاحصہ نہیں ہیں، ابھی کراچی میں موجود ہوں لاہور جا کر باقاعدہ اعلان کروں گا.
فاسٹ بولر کا مزید کہنا تھا کہ 2010 سے 2015 تک میں پہلے ہی ٹارچر میں رہا اور میرے ہر فیصلے کو غلط انداز میں پیش کیا گیا لیکن پی سی بی کے صرف دو افراد نے مجھے سپورٹ کیا،نجم سیٹھی اور شاہد آفریدی کا ہمیشہ شکر گزار رہوں گا، دونوں نے مجھے بھر پور سپورٹ کیا.

