English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

روس میں آخری قونصل خانے بند کرنے کا امریکی فیصلہ

القمر

 

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے روس میں اپنے تمام قونصل خانے بند کرکے صرف سفارت خانے کو فعال رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے کانگریس کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ روس میں امریکا کے آخری 2قونصل خانے بھی بند کردیے جائیں گے۔ اس سے قبل وزارت خارجہ نے بتایا تھا کہ روس کے مشرقی شہر ولادیووستوک میں قونصل خانہ مستقل طور پر اور یکاترنبرگ میں کام کو عارضی طور پر بند کیا جائے گا۔ یہ اقدام امریکا میں سرکاری اور نجی کمپیوٹر سسٹم پر روس کے بڑے سائبر حملے کے بعد کیا گیا ہے۔ کانگریس کو بھیجے گئے حکم نامے میں کہا گیا کہ قونصل خانوں کی بندش کا تعلق 2017ء میں روسی حکام کی جانب سے امریکی سفارت کاروں پر عائد کی گئی پابندیوں سے ہے۔ ان سفارت کاروں کو روس میں کام کرنے کی اجازت تھی۔ ادھر تجزیہ کاروں کا کہنا ہے ک روس کی جانب سے حالیہ سائبر حملے بھی اقدام کی بڑی وجہ ہوسکتے ہیں۔ آخری 2قونصل خانوں کی بندش کے بعد روس میں امریکا کا کردار صرف ماسکو میں موجود سفارت خانے کی صورت تک محدود رہے گا۔ خبررساں اداروں کے مطابق ولادیووستک میں قونصل خانے کی بندش کے بعد امریکی ملازمین کو ماسکو میں سفارت خانے منتقل کر دیا جائے گا، جب کہ مقامی ملازمین کو فارغ کر دیا جائے گا۔ وزارت خارجہ کے مطابق قونصل خانے کی بندش سے سالانہ 32 لاکھ ڈالر کی بچت ہو گی۔ اس اقدام سے روس کے انتہائی مشرقی علاقوں میں موجود امریکی مسافروں کو بڑے پیمانے پر پریشانی کا سامنا ہو گا۔ یاد رہے کہ روس نے 2018ء میں سینٹ پیٹرزبرگ شہر میں امریکی قونصل خانے کی بندش کا حکم جاری کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے