English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

محمد وسیم چیف سلیکٹر ، سلیم یوسف کرکٹ کمیٹی کے سربراہ مقرر

القمر

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد وسیم کو قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین اور سلیم یوسف کو کرکٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا۔ دونوں عہدیداران کی تقرری3 سال کے لیے کی گئی ہے، لہذا یہ دونوں آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 تک اس عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔دونوں تعیناتیوں کی منظوری چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے دی،محمد وسیم کا پہلا اسائنمنٹ جنوبی افریقا کے خلاف 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے جنوری کے وسط میں قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کرنا ہے۔ پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا 2021میں پہلا اجلاس بھی جنوبی افریقا کے خلاف سیریز سے قبل کراچی میں ہوگا۔43سالہ محمد وسیم فی الحال ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کی کوچنگ کررہے ہیں، ان کی ٹیم قائد اعظم ٹرافی کے پوائنٹس ٹیبل پر ابھی دوسری پوزیشن پر براجمان ہے،ناردرن کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے محمد وسیم قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے رکن تھے، وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کا چارج قائد اعظم ٹرافی کے بعد سنبھالیں گے۔پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کی تشکیل میں کوئی تبدیلی نہیں کی، تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کی فرسٹ الیون ٹیموں کے ہیڈ کوچز ہی سلیکشن پینل میں شامل رہیں گے۔ محمد وسیم کے چئیرمین سلیکشن کمیٹی کا چارج سنبھالنے کے بعد ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کے لیے نئے کوچ کی تقرری کردی جائے گی، نیا کوچ پاکستان کپ میں اپنے عہدے کا چارج سنبھالے گا، جس کے ساتھ ہی وہ سلیکشن کمیٹی کا چھٹا رکن بھی بن جائے گا۔سلیم یوسف نے آخری مرتبہ بطور رکن سلیکشن کمیٹی پی سی بی کے ساتھ کام کیا تھا، وہ 2013 سے 2015 تک قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے رکن رہے، سلیم یوسف اب کرکٹ کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے کام کریں گے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے