English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کورونا سے مزید 87افراد ہلاک، کراچی اور حیدرآبادکے مزیدکئی علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن

القمر

کراچی/ اسلام آباد/ لاہور/ پشاور (اسٹاف رپورٹر/ خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میںکورونا وائرس سے مزید 87 افراد ہلاک ہوگئے‘ پنجاب ، پشاور، کراچی اور حیدرآباد کے مزیدکئی علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید87 افراد جان کی بازی ہار گئے اور مرنے والوں کی کل 9 ہزار 250 تک پہنچ چکی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق 3 ہزار 179 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی تعداد 4 لاکھ 54 ہزار 673 ہو گئی ‘ مزید 4649 صحت یاب ہوئے جس کے بعدکورونا سے 4 لاکھ 4 ہزار 501 مریض صحتیاب ہو چکے اور40 ہزار 922 زیر علاج ہیں۔ ملک بھرمیں مثبت کیسز کی شرح 7.59 فیصد ہو گئی ہے۔ حیدرآباد میں کورونا مثبت کیسزکی شرح سب سے زیادہ 24.59 فیصد، کراچی میں17.71 فیصد، راولپنڈی17.21، آزاد جموں و کشمیر9.30، بلوچستان7.59، گلگت بلتستان1.63، اسلام آباد 3.6 فیصد ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے ہفتے کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید17 مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جس سے ہلاکتوں کی تعداد 3319 ہوگئی ‘ جو شرح اموات کا 1.6 فیصد ہے‘ 10372 ٹیسٹ کیے گئے جن کے نتیجے میں1120 کیسز سامنے آئے‘اب تک 204103 کیسز کا پتا چلا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس وقت 21004 مریض زیر علاج ہیں‘ 727 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں 66 کو وینٹی لیٹرز پرمنتقل کردیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق 1120 میں سے 910 کیسز کا تعلق کراچی سے ہے‘حیدرآباد میں 33 ، سانگھڑ 28 ، ٹھٹھہ 15 ، شہید بینظیرآباد13، جیکب آباد اور شکار پور 12-12 ، میرپورخاص اور گھوٹکی 10،10، نوشہروفیروز اور بدین 7،7، لاڑکانہ اور عمرکوٹ 6،6، خیرپور اور مٹیاری 5،5، ٹنڈو الہیار 4 ، سکھر 3، دادو اور قمبر1،1 کیسز رپورٹ ہوئے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے کے عوام پر زور دیا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔ کورونا مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے پیش نظر ضلع وسطی، غربی اور کیماڑی کے بعد ضلع شرقی میں بھی مائیکرو اسمارٹ لاک ڈائون لگانے کے احکامات جاری کردیے۔ڈپٹی کمشنر شرقی کے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ گلشن اقبال اور جمشید ٹائون کے مختلف علاقوں میں ہفتے کی رات12 بجے سے 31 دسمبر تک اسمارٹ لاک ڈائون نافذ کردیا گیا ہے‘ گلشن اقبال کے سب ڈویژن میں آنے والے علاقوں سوک سینٹر، عیسی نگری، ڈالمیا، پی آئی بی، گلشن 5، پہلوان گوٹھ، جمالی کالونی، گلزار ہجری 12، صفورا گوٹھ، فیصل کینٹ کے مخصوص مقامات پر اسمارٹ لاک ڈائون نافذ کیا گیا ہے۔ سب ڈویژن جمشید ٹائون کے علاقوں اختر کالونی، منظور کالونی، اعظم بستی، محمود آباد، گارڈن ایسٹ، سولجر بازار، پی ای سی ایچ ایس اور جمشید کوارٹر کے مخصوص مقامات پر بھی لاک ڈائون نافذ کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں شہریوں کے لیے ماسک کا استعمال لازمی ہوگا جبکہ کریانہ، میڈیکل اسٹور اور ضروری اشیا کی دکانوں کے علاوہ ہر قسم کے کاروبار پر پابندی اور غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع ہوگا۔ متاثرہ علاقوں میں آمد و رفت پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ آن لائن ٹیکسی سروس یا کسی بھی قسم کا پارسل پہنچانے اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ شہریوں کو گھر یا علاقے سے باہر نکلنے کے لیے وجہ بیان کرنا ہوگی بغیر عذر کسی کو نہیں نکلنے دیا جائے گا‘ مریض کے ساتھ ایک تیماردار کو جانے کی اجازت ہوگی۔ ضلع جنوبی میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر کورٹ روڈ سائیکل مارکیٹ میں4 دکانیں، ایک ریسٹورنٹ اور ایک چائے کا ہوٹل بھی سیل کیا گیا‘ فیس ماسک نہ پہننے پر بھی 10 افراد پر 500 روپے فی کس جرمانہ عاید کیا گیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کورونا وائرس سے شرح اموات میں اضافے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی نہ بنایا گیا تو صورتحال زیادہ خطرناک ہو جائے گی اور حکومت سخت فیصلے کرنے پر مجبور ہو گی۔ علاوہ ازیں پشاور کے مزید 3 علاقوں بشیر آباد کے محلہ عزیز خان، ریلوے کالونی اور فالکن کالونی میں لاک ڈائون نافذ کردیا گیا ہے۔ دریں اثنا پنجاب کے محکمہ پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے صوبے بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث لاہور کے 22، راولپنڈی کے 9 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈائون نافذ کردیا گیا ہے‘گوجرانوالہ کے 4، گجرات کے 3 علاقوں میں بھی اسمارٹ لاک ڈائون لگایا گیا ہے‘ لاک ڈائون کا نفاذ 31 دسمبر 2020 ء تک رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے