

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی یونین سے برطانوی انخلا کے حوالے سے فریقین اپنے اختلافات دور نہ کرسکے۔ لندن حکومت اور یورپی اتحاد پوسٹ بریگزٹ نامی تجارتی سمجھوتے کے لیے کسی نکتے پر متفق ہونے کی سرتوڑ کوشش میں مصروف ہیں۔ بریگزٹ کے سلسلے میں سمجھوتا طے کرنے کی مہلت کم ہوتی جارہی ہے، جو سال کے اختتام تک ہے۔ برطانیہ کے ماہی گیری علاقوں تک یورپی یونین کی رسائی کا معاملہ مذاکرات میں سرفہرست ہے۔ بریگزٹ کے لیے یورپی یونین کے مذاکرات کار مائیکل برنیئر نے اپنے بیان میں مذاکرات کو انتہائی مشکل قرار دیا۔ ادھر برطانوی وزیر مائیکل گوو نے پارلیمانی کمیٹی کو بتایا کہ سمجھوتاہونے کا امکان 50 فیصد سے بھی کم ہوگیاہے۔ واضح رہے کہ سمجھوتاطے نہ ہونے کی صورت میں بھی نئے سال کے پہلے روز سے برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان تجارت میں کسٹم چیکنگ لاگو ہو جائے گی،جس کے بعد روزمرہ ضرورت کی اشیاکی ترسیلات پر منفی اثرات مرتب ہونا شروع ہوجائیں گے۔ اس کے علاوہ نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی مصنوعات پر محصولات بھی عائد ہو جائیں گے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق یورپی اور برطانوی مذاکرات کار بریگزٹ کی آخری تاریخ گزرنے کے بعد بھی بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتے ہیں۔
