کراچی (اے پی پی) قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون 9ویں رائونڈ کے دوسر ے روز کھیل کے اختتام پر خیبر پختونخوا نے پہلی اننگز میں سینٹرل پنجاب کے خلاف 180رنز بنائے جبکہ سندھ نے بغیر کسی نقصان کے 80رنز بنا کر سدرن پنجاب کے خلاف 50 رنز کی برتری حاصل کر لی تاہم بلوچستان کی ٹیم پہلی اننگز میں116.1 اوورز میں 372 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ نیشنل اسٹیڈیم میں میچ کے دوسرے روز کھیل ختم ہونے پر خیبر پختونخوا نے پہلی اننگز میں سینٹرل پنجاب کے خلاف 3 کھلاڑی آئوٹ پر 180رنز بنا لیے ۔ عادل امین 50 اور زوہیب خان 23 رنز سے تیسرے روز کھیل شروع کریں گے۔ فخر زمان 42 ، اسرار اللہ 40اور کامران غلام 20 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ چکے ہیں ۔ اس سے قبل سینٹرل پنجاب نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 351رنز بنا کر پہلی اننگز ڈیکلئیر کر دی ۔ سینٹرل پنجاب نے 267 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ سے دوسرے روز کھیل کا آغاز کیا،81رنز پر ناٹ آئوٹ بیٹسمین سعد نسیم نے سنچری اسکور کی وہ 136 رنز پر ناٹ آئوٹ واپس گئے۔
، انہوں نے 189 گیندوں کا سامنا کیا 12 چوکے اور 6 چھکے لگائے ۔ بلاول اقبال 3 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے جبکہ علی شان 43 اور حسن علی 2 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے ۔ خیبر پختونخوا کی جانب سے عرفان اللہ شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا ۔ اسی طرح اسٹیٹ بینک گرائونڈ میں میچ میں دوسرے روز کھیل کے اختتام پر سندھ نے بغیر کسی نقصان کے 80رنز بنا کر سدرن پنجاب کے خلاف 50 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے ۔ خرم منظور 28 اور شرجیل خان 45 رنز کے ساتھ تیسرے روز کھیل کا آغاز کریں گے۔ اس سے قبل سدرن پنجاب کی ٹیم سندھ کے خلاف 30 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد پہلی اننگز میں 247 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی ۔ کھیل کے دوسرے روز سدرن پنجاب نے 41 رنز ایک کھلاڑی آئوٹ سے دوبارہ کھیل کا آغاز کیا تھا ۔زین عباس 39 ، محمد الیاس 17 ، عمران رفیق 67 عامر یامین 35 اور سیف بدر 33 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ سندھ کی جانب سے محمد اصغر نے 81 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہنواز دھانی نے 3 اور تابش خان نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ سندھ نے پہلی اننگز میں 217 رنز بنائے تھے ۔یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں بلوچستان کی ٹیم پہلی اننگز میں116.1 اوورز میں 372 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی ۔ اس طرح اسے ناردرن کے خلاف 169 رنز کی برتری حاصل ہوئی ۔ بلوچستان نے دوسرے روز 92 رنز بغیر کسی نقصان کے دوبارہ کھیل شروع کیا ۔ عمران فرحت 77 ، علی رفیق 36 ، علی وقاص 29 ، اکبر الرحمان ، 82 ایاز تصور 69 اور کاشف بھٹی نے 35 رنز بنائے ۔ ناردرن کی جانب سے ایک مرتبہ پھر نعمان علی نے عمدہ بولنگ کی، انہوں نے بلوچستان کے 6 کھلاڑی 107 رنز دے کر آئوٹ کیے ۔ وقاص احمد نے 3 وکٹیں حاصل کیں ۔
