English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مسجد اقصیٰ کے باہر صہیونی دہشت گردی، فلسطینی شہید

القمر

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مسجد اقصیٰ کے باہر ایک فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کر دیا گیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق قابض فوج نے دعویٰ کیا کہ شہید لڑکے نے فوجیوں اور پولیس اہل کاروں پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہل کار زخمی ہوا۔ شہید فلسطینی کی شناخت 17 سالہ محمود عمر کمیل کے نام سے کی گئی ہے۔ اس کا آبائی تعلق غرب اردن کے شمالی شہر جنین کے نواحی علاقے قباطیہ سے ہے۔ وہ جوابی فائرنگ میں جام شہادت نوش کرگیا۔ فلسطینی نوجوان نے باب الاسباط پر کارلو نامی ایک دیسی ساختہ پستول سے پولیس اہل کاروں پر فائرنگ کی، مگر فنی خرابی کے باعث پستول زیادہ نہیں چلی، اس لیے اسرائیلی فوج اور پولیس جانی نقصان سے بچ گئے۔ فلسطینی لڑکا فائرنگ کے بعد قدیم بیت المقدس میں ایک دیوار کی اوٹ میں چھپ گیا تھا۔ وہاں سے اس نے پھر فائرنگ کی کوشش کی، مگرا پستول نہیں چلی۔ اسرائیلی سیکورٹی فورسز نے اس کا تعاقب کیا اور باب حطہ کے قریب اسے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ نشرکردہ ایک فوٹیج میں اسرائیلی فوج کو ایک زخمی پولیس اہل کار کو لے جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس واقعے کے بعد اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصیٰ میں گھس کر تلاشی لی اور نمازیوں کو زدو کوب کیا۔ اس دوران قابض فوج نے 2 فلسطینی لڑکوں کو گرفتار کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ دوسری جانب اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ نے ایک بیان میں اس واقعے کی تحسین کی ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ یہ ایک فدائی کارروائی تھی، جس میں ایک فلسطینی نوجوان نے اپنی جان پر کھیل کر اسرائیل نواز قوتوں کو پیغام دیا ہے کہ فلسطینی قوم صہیونی ریاست کے ساتھ دوستی قبول نہیں کرے گی۔ حماس نے کہا ہے کہ یہ فدائی حملہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے والے ممالک کے منہ پر طمانچہ ہے۔ فلسطینی نوجوان نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے یہ پیغام دیا ہے کہ فلسطینی قوم کے حقوق پر کوئی سودے بازی قبول نہیں کی جاسکتی۔ حماس نے اس فدائی حملے فلسطینی قوم اور پوری امت کو مبارک باد پیش کی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملہ اور شہادت صدمے نہیں خوشی کا پیغام ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے