واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی سینیٹ سوڈان کی خودمختاری اور سلامتی کی بحالی کے لیے قانون سازی پر آمادہ ہو گئی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق یہ اقدام دہشت گردی کے سرپرست ممالک کی فہرست سے سوڈان کا نام خارج کرنے کے منصوبے کا حصہ ہے۔ سوڈان کے لیے امریکی قانون میں 11 ستمبر کے حملوں سے متعلق قانونی دعوؤں کو مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ کانگریس کی جانب سے منظور کیے جانے والے قانون میں سوڈان میں اقتدار کی منتقلی کی حمایت کرنے کے لیے تقریباً ایک ارب ڈالر کی امداد پیش کرنا شامل ہے۔ منصوبہ ایک سال سے زیادہ عرصے تک وائٹ ہاؤس، وزارت خارجہ اور امریکی کانگریس کے درمیان مذاکرات کا حصہ بنا رہا۔ مذاکرات کا مقصد سوڈان میں ایک جمہوری حکومت کی حمایت کے لیے کسی حل کو تلاش کرنا تھا۔ ساتھ ہی دہشت گردی کا شکار ہونے والوں کے حقوق کا تحفظ، جس میں 11 ستمبر کے حملوں کے متاثرین شامل ہیں۔ امریکی قانون ساز 11 ستمبر کے دہشت گرد حملوں کا شکار افراد کے لیے قانونی راستوں کے تحفظ پر متفق ہو گئے ہیں۔
