مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) شدت پسند یہودی آباد کاروں کے جتھوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں فلسطینی شہریوں اور ان کی گاڑیوں پر حملوں کا نیا سلسلہ شروع کردیا۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق رام اللہ کے شمال میں سنجل گاؤں کے قریب شدت پسند گروہ نے کاروں پر پتھراؤ کیا۔ پتھراؤکا ایک اور واقعہ لبان شرقیہ گاؤں کے قریب ودعلی کے علاقے میں پیش آیا۔ انتہاپسند گروہ کے ارکان مقبوضہ بیت المقدس کے مختلف علاقوں میں جاکر کارروائیاں کررہے ہیں۔ ادھر آبادکاروں نے نابلس کے جنوب میں جالود گاؤں میں گھروں پر حملہ کیا۔ دوسری جانب غرب اردن میں فلسطینیوں کی جانب سے آباد کاروں کے حملوں کا مؤثر جواب دینے پر اسرائیلی دفاعی اور سیاسی حلقوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ عبرانی نیوز ویب سائٹ وللانے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ غرب اردن میں ’تدفیع ثمن‘ نامی یہودی گروہ کے حملوں کے باعث خدشہ ہے کہ فلسطینیوں میں ایک بڑی اور وسیع تحریک اٹھ سکتی ہے۔ حملوں کے جواب اور ممکنہ رد عمل کے پیش نظر اسرائیلی پولیس اور فوج کو فلسطینی علاقوں کے اطراف میں الرٹ کر دیا گیا ہے۔
