کراچی(اسٹاف رپورٹر)پی سی بی نے پی ایس ایل 6 صرف 2شہروں کراچی اور لاہور میں ہی سجانے کا فیصلہ کر لیا ہے،اس سے پی سی بی کو بائیو سیکیور ببل کی تشکیل اور بڑھتے اخراجات پر قابو پانے میں کچھ مدد ملے گی۔پی سی بی نے پی ایس ایل6کا مجوزہ شیڈول تیار کر لیا، میچز صرف 2وینیوز کراچی اور لاہور میں ہی کھیلے جائیں گے، رواں برس ملتان اور راولپنڈی میں بھی مقابلوں کا انعقاد ہوا تھا،ملک میں کورونا وائرس کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے مطابق بورڈ اب لیگ کو محدود رکھے گا، دونوں وینیوز پر شائقین کو آنے کی بھی اجازت نہیں دی جائے گی، پانچویں ایڈیشن کے شیڈول پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے خاصا اعتراض کیا تھا جسے الگ الگ شہروں میں متواتر میچز کھیلنے پڑے تھے۔پی سی بی نے اس بار پہلے ہی شیڈول پر فرنچائزز سے رائے طلب کر لی ہے، چھٹے ایڈیشن کا افتتاحی نائٹ میچ ہفتہ 20 فروری کو دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائیگا، فائنل پیر 22 مارچ کو رکھا گیا ہے،اسلام آباد یونائٹیڈ، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 3،کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کو 2 جبکہ لاہور قلندرز کو ایک بار مسلسل 2 روز میچز کھیلنا پڑیں گے۔دن میں 2 میچز کسی ایک شہر میں ہی ہواکرینگے،20فروری سے 7مارچ تک20میچز ایک وینیو کراچی پر ہوں گے، اس کے بعد فائنل سمیت دیگر تمام مقابلوں کا انعقاد دوسرے وینیو لاہور میں کیا جائے گا، پی سی بی اس کیلئے خصوصی طور پر بائیو سیکیور ماحول تیار کرائے گا، میچز2شہروں تک محدود رکھنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے، ابتدائی مرحلے میں 21میچز نائٹ اور دیگر 9ڈے ہوں گے، اسلام آباد یونائٹیڈ8،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز،ملتان سلطانز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی 7، 7 جبکہ کراچی کنگز 6 نائٹ میچز کھیلے گی۔مجوزہ شیڈول کے مطابق 21فروری کو ایونٹ کا دوسرا میچ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان ہوگا۔پی ایس ایل 6 ڈرافٹ جنوری کے دوسرے ہفتے میں لاہور میں متوقع ہیں، ابتدائی رائونڈ کی پہلی پک اسلام آباد یونائیٹڈ کی ہوگی، چنائو کا دوسرا موقع ملتان سلطانز کو ملے گا، لاہور قلندرز تیسری اورپشاور زلمی چوتھی پک کرے گی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی پہلے رائونڈمیں پانچویں اور کراچی کنگز کی چھٹی پک ہوگی۔اس سے پہلے فرنچائزرز کی مشاورت سے لوکل پلیئرزکی کیٹیگریز میں ترقی اور تنزلی کا مرحلہ مکمل ہوچکا،دیگر اہم معاملات کے حوالے سے بھی پی سی بی حکام اور ٹیم فرنچائزرز کے درمیان تبادلہ خیال جاری ہے۔
