

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) نومنتخب امریکی صدر بائیڈن نے کہا ہے کہ ٹرمپ نے اپنے دور میں امریکی سیکورٹی ایجنسیوں کو کھوکھلا کر دیا ہے۔ بائیڈن کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم نے پتا لگا یا ہے کہ جو ایجنسیاں ملک کی سیکورٹی کے لیے بہت اہم ہیں، انہیں ٹرمپ انتظامیہ نے بہت نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے معلومات فراہم نہ کرنے پر ٹرمپ کی سیاسی قیادت کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ قراردیتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم کو کئی رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قومی سلامتی کے اہم امور سے متعلق درکار معلومات فراہم نہیں کی جارہیں۔ اس صورت حال کا دشمن فائدہ اٹھانے کی بھرپور کوشش کرے گا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق جو بائیڈن قومی سلامتی اور دفاعی امور سے متعلق اپنی ٹیم اور مشیروں سے بات چیت کی، جس کے بعد ان کے بیانات سامنے آئے ہیں۔ بائیڈن نے کہا کہ ٹرمپ اقتدار کی منتقلی میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔ بائیڈن نے کہا کہ ان کی ٹیم بیرون ملک امریکی افواج کی تعداد، محکمہ دفاع اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے لیے مختص مالی مالی بجٹ کے بارے میں جاننا چاہتی ہے۔
