کراچی(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ گیس کی لوڈشیڈنگ میں اضافے اور بڑھتے ہوئے گیس بحران نے گھریلو و صنعتی صارفین سمیت سی این جی سیکٹر اور ٹرانسپورٹ کو شدید متاثر کیا ہے ۔ عام شہریوں ، تاجرو ں و صنعت کاروں کو شدید مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا ہے ۔ صنعتوں کا پہیہ جام ہو رہا ہے، گھروں میں لوگ لکڑیاں جلارہے ہیں اور ایسا محسوس ہو تا ہے کہ پتھروں کے دور میں چلے گئے ہیں ۔ شہری سڑکوں پر نکلنے اور احتجاج کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ،وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لے ، گیس کی لوڈشیڈنگ بند کرنے اور بحران کو ختم کرنے کے لیے فوری طور پر عملی اقدامات کرے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک جاری ہے ، ہم عوامی مسائل کے حل کے لیے حکمرانوں کو بار بار متوجہ کر
رہے ہیں ، جمعرات 31دسمبر کو3بجے دن شارع فیصل ائر پورٹ پر کراچی کی مردم شماری کو درست کرنے ، با اختیار شہری حکومت ، فوری بلدیاتی انتخابات اور شہر کے گمبھیر مسائل کے حل کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ گھروں میں گیس نہ ہونے کے باعث خواتین کھانا پکانے سے قاصر ہیں،صبح سویرے گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کے باعث گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،گیس غائب ہوجانے سے خواتین کے لیے مردوں کو کام پر بھیجنے سمیت امور خانہ داری کی انجام دہی میں مشکلات پیش آرہی ہیں،گیس کی فراہمی کا کوئی شیڈول نہیں ہے جس کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہے ہیںدوسری جانب سوئی گیس کامحکمہ اور نہ ہی حکومت کوئی متبادل بندوبست کررہی ہے دوپہر اور صبح کے وقت اگر گیس دستیاب ہو بھی تو پریشر اتنا کم ہو تا ہے کہ کھانا بنانا دو بھر ہو جاتا ہے جبکہ دوسری جانب شہر کے بیشتر علاقوں میںرات کے 10 بجتے ہی گیس غائب ہو جاتی ہے جو صبح 6 بجے تک بند رہتی ہے۔ صورتحال اس قدر خراب ہونے کے باوجود ماہانہ گیس کے بھاری بل وصول کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر میں پہلے ہی پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے اورجو ہے وہ بھی گیس بحران کی وجہ سے بری طرح متاثر ہے ،پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والے لاکھوں عوام روزانہ سڑکوں پر کئی کئی گھنٹے گاڑیوں کا انتظار کرتے رہتے ہیں ، کوچوں اور مزدا کی چھتوں پر اور دروازوں پر لٹک کر سفر کرنے پر مجبور ہیں بالخصوص خواتین ،بچے،بزرگ اور طلبہ و طالبات شدید متاثر ہورہے ہیں،حکومت کی جانب سے بار بار یقین دہانی کے باوجود گھریلوصارفین کے لیے اب تک گیس کی بلاتعطل فراہمی کو ممکن نہیں بنایا گیا ۔حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمے داری ہے کہ کراچی کو اس کی ضرورت کے مطابق گیس کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے اورصنعتی اداروں کی ضروریات بھی پوری کی جائیں تاکہ صنعتوں کا پہیہ چلتا رہے ۔
