English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سینٹرل پنجاب قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گئی

القمر

کراچی(اے پی پی) قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون کاآخری رائونڈ مکمل ہوگیا، سنٹرل پنجاب نے سدرن پنجاب کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی، بلوچستان نے سندھ کو شکست دے دی، خیبرپختو نخواہ اور ناردرن کا میچ برابری کی بنیاد پر ختم ہوگیا، فائنل یکم سے 5 جنوری تک خیبر پختونخواہ اور سنٹرل پنجاب کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔ اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون کے دسویں اور فیصلہ کن مرحلے کے آخری روز منگل کو دفاعی چیمپئین سینٹرل پنجاب نے سدرن پنجاب کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کر لی ۔ میچ کے آخری روز سنٹرل پنجاب کو جیتنے کے لیے 63 رنز کا ہد ف ملا تھا جو انہوں نے بغیرکسی نقصان کے حاصل کر لیا۔محمد اخلاق نے 38 اور محمد سعد نے 25 رنز بنائے اور دونوں کھلاڑی ناٹ آئوٹ رہے۔سدرن پنجاب نے گذشتہ روز کے اسکور 314 سے کھیل شروع کیا۔ سیف بدر 17 اور محمد الیاس نے 4 رنز سے اننگز کا آغاز کیا۔سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 368 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ سیف بدر نے 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔ اسی طرح یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں بلوچستان نے سندھ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی،میچ کے آخری روز بلوچستان کو 99رنز کا ہدف ملا تھا جو انہوں نے ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔علی رفیق نے 8 چوکوں کی مدد سے 55 رنز ناٹ آئوٹ بنائے،علی وقاص 12رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، عمران فرحت 31رنز بنا کر تابش کا شکار بنے۔ سندھ کی ٹیم نے فالو ان کے بعد 208 رنز سے اپنی دوسری اننگز شروع کی۔ خرم منظور نے 82 اور ابرار احمد نے صفر سے اننگز کا آغاز کیا ،خرم منظور 6 رنز کے فرق سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے، سندھ کی پوری ٹیم 317 بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ نیشنل اسٹیڈیم میں خیبر پختونخواہ اور ناردرن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا میچ ڈرا رہا ۔ چوتھے روز جب کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تو ناردرن نے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنائے تھے ۔ ناردرن کو میچ جیتنے کے لیے 474 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف ملا تھا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے