English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسٹیبلشمنٹ اب سیاسی لڑائیوں سے دور رہے یا تنازعات کیلئے تیار ہوجائے، بلاول

القمر

 کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم پی ڈی ایم کی ڈیڈلائن کے مطابق استعفی دینے میں ناکام ہوگئے ہیں اور اسٹیبلشمنٹ اب سیاسی کھیل سیاستدانوں پر چھوڑدے یا تنازعات کے لیے تیار رہے۔ 

اپنے ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو استعفے کے لیے دی گئی مہلت دراصل ان کی ناجائز حکومت کے لئے ایک باعزت موقع تھا۔ وزیراعظم باعزت طریقے سے استعفی دے کر آزاد اور منصفانہ انتخابات کے ذریعے جمہوریت کو آگے بڑھاسکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے عوام پر تاریخی غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کو مسلط کردیا ہے۔ متحدہ اپوزیشن کو اب کٹھ پتلیوں کو ہر صورت میں ہٹانا ہوگا۔ پاکستان پیپلزپارٹی جمہوری طریقہ کار پر یقین رکھتی ہے۔ پارلیمان کے اندر اور باہر سے مسلسل مشترکہ کاوشیں یقینی کامیابی کی وجہ بنیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ لانگ مارچ اور تحریک عدم اعتماد کا معاملہ ہمارے پی ڈی ایم کے اجلاسوں میں زیربحث آئے گا۔ سینیٹ انتخابات میں اپنی واضح شکست سے بچنے کے لئے قوانین میں تبدیلی سے حکومتی مایوسی عیاں ہوچکی ہے۔سینیٹ انتخابات ثابت کردیں گے کہ حکومت کی بنیادیں غیرمستحکم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹبلشمنٹ اب سیاسی لڑائیوں کا معاملہ سیاست دانوں پر چھوڑدے یا خود کو تنازعات سے دوچار ہونے کا خطرہ مول لے۔ صرف وہی حکومت عوام کی خدمت کرسکتی ہے کہ جسے عوام نے منتخب کیا ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے