راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کا آخری ایونٹ پی سی بی انڈر 16 نیشنل ون ڈے ٹورنامنٹ 13 سے 23 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ایونٹ کے لیے 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کے اسکواڈز 6 فروری سے راولپنڈی میں اکٹھے ہوں گے ،جہاں وہ 7 سے 12 فروری تک ایوب پارک کرکٹ گراؤنڈ میں ٹریننگ کریں گے۔45اوورز پر مشتمل ایونٹ سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کی 2 بہترین ٹیمیں 23 فروری کو فائنل میں مدمقابل آئیں گی۔ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو ساڑھے تین لاکھ روپے جبکہ رنرزاپ کو اڑھائی لاکھ روپے بطور انعام دیا جائے گا۔پی سی بی کے تیار کردہ کوویڈ 19 پروٹوکولز کے تحت ٹورنامنٹ میں شرکت سے قبل تمام کھلاڑیوں کے دو کوویڈ 19 ٹیسٹ ہوں گے۔ پہلا ٹیسٹ ان کے گھروں میں اور دوسرا ہوٹل پہنچنے پر کیا جائے گا۔ان دونوں ٹیسٹوں کے نتائج منفی آنے کی صورت میں انہیں ٹریننگ کی اجازت دی جائے گی۔
