English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سکھر،تاجروں کا دکانوں کے کرائے بڑھانے کیخلاف دھرنا

القمر

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میں تاجروں اور دکانداروں کا بلدیہ کی جانب سے دکانوں کے کرایے بڑھانے کیخلاف دکانیں بند کرکے احتجاجی مظاہرہ، وگھنٹہ گھر پر دھرنا، بلدیہ افسران نے عدالت کو گمراہ کرکے کرایے بڑھائے ہیں جو ہم کسی صورت نہیں ہونے دیں گے، رہنماؤں کا خطاب۔ بلدیہ اعلیٰ سکھر کی جانب سے میونسپل دکانوں کے مبینہ چار ہزار گناہ کرایے بڑھانے کے فیصلے کیخلاف سکھر کے متاثرہ تاجروں اور دکانداروں نے دکانیں بند کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا اور سکھر کے مرکزی علاقے گھنٹہ گھر چوک پر احتجاجی دھرنا دیا اور سکھر میونسپل کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر سمیت منتخب نمائندوں کیخلاف نعرے لگائے، مظاہرین نے ہاتھوں میں مذمتی پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ دھرنے کی قیادت تاجر رہنماؤں شمس الرحمن عرف ملنگ بابا، حاجی ہارون میمن، محمد یاسین آرائیں، جنید شیخ، ممتاز لکی، شہریار راجپوت، عدنان و دیگر کررہے تھے۔ اس موقع پر مذکورہ تاجر رہنمائوں کا کہنا تھا کہ سکھر میونسپل کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر اور میونسپل کمشنر نے ایک بار پھر عدالت عالیہ کو گمراہ کر کے تاجروں کا معاشی قتل عام کرنے کی سازش کی ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ پاکستان کے قانون میں بھی چار گناہ کرایہ نہیں بڑھایا جاسکتا۔ افسوس سکھر میونسپل ایڈمنسٹریٹر اور میونسپل کمشنر سمیت دیگر افسران نے تاجروں سے بنا کسی مشاوارت کے اپنی مرضی سے چار ہزار گناہ کرایہ داری بڑھا کر غریب اور محنت کش تاجروں، دکانداروں پر شب خون مارا ہے، جس کی وجہ سے تاجر برادری ایک بار پھر مایوسی کا شکار ہوگئی ہے۔ تاجر رہنماؤں نے مزید کہا کہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے تشکیل دی جانے والی کمیٹی نے تاجروں کی بنا مشاوارت اور ان کے دستخطوں کا غلط استعمال کیا اور من پسند لوگوں کی لسٹ بنائی جو انتہائی شرمناک عمل ہے۔ ملک میں کورونا صورتحال پر حکومت وقت عوام اور تاجروں کو ریلیف دے رہی ہے۔ سکھر میونسپل کارپوریشن تاجر مٹائو تحریک پر عمل کررہی ہے۔ انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ سکھر میونسپل کارپوریشن کے افسران سمیت سکھر کے منتخب نمائندگان نے بھی تاجر برادری کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے۔ متاثرہ تاجر برادری نے فیصلہ کیا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں تاجروں کا ساتھ چھوڑنے والے افسران و منتخب نمائندگان کو کسی قسم کی سیاسی سپورٹ نہیں کریں گے اور جو تاجر برادری کا مشترکہ فیصلہ ہوگا اس پر مکمل عمل کرایا جائے گا۔ تاجر برادری نے صدر مملکت، آرمی چیف، وزیر اعظم عمران خان، چیف جسٹس، گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر اعلیٰ سندھ سمیت دیگر حکام سے سکھر میونسپل کارپوریشن کی تاجر دشمن پالیسی کا نوٹس لے کر تاجروں کو درپیش مشکلات سے نجات دلانے کی پرزور اپیل کی ہے۔ تاجروں اور دکانداروں نے علامتی بھوک ہڑتال بھی شروع کردی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے