مظفرآباد: پاکستان ڈیمو کرٹیک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ نااہل حکومت کو کشمیریوں کے فیصلے کرنا کا کوئی حق نہیں،جنہوں نے پاکستانیوں کو کچھ نہیں دیا وہ کشمیریوں کو کیا دیں گے؟آزاد کشمیر میں دھاندلی کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
اظہار یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جب تک پاکستان میں عوام کی نمائندہ حکومت تھی کسی مودی کو یہ جرات نہیں ہوئی کہ وہ کشمیر کو بھارت کا حصہ بناسکے،آج وزیراعظم عمران خان اور اس کی لابی کشمیر کی تقسیم کا سوچ رہی ہیں۔
سربراہ پی ڈی ایم کا کہناتھا کہ الیکشن سے پہلے عمران خان نے کہا تھا کہ مودی الیکشن میں کامیاب ہوگیا تو کشمیر کا مسئلہ حل ہوجائے گا،یہ واحد شخص تھا جس نے اقتدار میں آنے سے پہلے کشمیر کو3حصوں میں تقسیم کرنے کا فارمولا پیش کیا تھا، جو ان کے منشور کا حصہ تھا۔

