کراچی: کیماڑی میں زہریلی گیس کے اخراج سے ہونے والی ہلاکتوں کے معاملے پر رپورٹ میں جہاز سے گیس خارج ہونے کی تصدیق ہوگئی جبکہ عدالت نے ایس ایس پی کیماڑی کو رپورٹ کی روشنی میں کارروائی کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں کیماڑی میں گیس سے شہریوں کی اموات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں سندھ انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی اور پلانٹ پروٹیکشن نے اپنی رپورٹ پیش کی۔
انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی اور پلانٹ پروٹیکشن کی رپورٹ میں سویابین اور کوئلے سے بھر ے جہاز سے گیس کے اخراج کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ سیپا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ جہازکی ان لوڈنگ کے وقت ایس او پیز فالو نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے کراچی پورٹ (کے پی ٹی) اور متصل علاقوں میں آلودہ ماحول پایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ریلوے کالونی،کلفٹن، سی ویو اور دیگر علاقوں سے فضا کے نمونے لیے جس میں آب و ہوا مضر صحت قرار دی گئی جب کہ آب و ہوا میں کاربن مونو آکسائیڈ، ہائیڈروجن سلفائیڈ اور دیگر ذرات زیادہ مقدار میں پائے گئے۔
عدالت نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کو سیپارپورٹ کی روشنی میں تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیا ہے اور مزید سماعت 16 مارچ تک ملتوی کردی ہے جبکہ ایک اور رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئل ٹرمینل پر بھی ماحول کو انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر قرار دیا گیا ہے۔

