کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین آصف علی زرداری اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمن کے درمیان رابطے میں اپوزیشن کے لانگ مارچ اور سینیٹ انتخاب میں پی ڈی ایم کے امیدواروں کی کامیابی کی بھرپور کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔قبل ازیں قائد مسلم لیگ کے نوازشریف نے بھی مولانافضل الرحمن کو ٹیلی فون کیا اور سینیٹ الیکشن سے جڑے وڈیو اسکینڈل کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مولانافضل الرحمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جہاز پر سوار ہونے والوں کی لینڈنگ شروع ہوگئی ہے، ہمیں کرپٹ اور چور کہنے والوں کے اپنے ممبران کرپٹ نکلے۔نواز شریف نے بھی لانگ مارچ کامیاب بنانے کے لیے ن لیگ کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ علاوہ ازیں صدر پی پی پی پارلیمنٹرینز آصف زرداری اور چیئرمین بلاول کی سربراہی میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے پارلیمانی بورڈ کا ورچوئل اجلاس جمعرات کو بلاول ہائوس کراچی میں ہواجس میں سینیٹ امیدواروں کے ناموں پر غور کیا گیااورحکمت عملی پر بھی بات چیت کی گئی۔دوسری جانب پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے عاصمہ جہانگیر کی تیسری برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ ایک باوقار خاتون اورنڈر ایکٹوسٹ تھیں۔ پیپلز پارٹی اور عاصمہ جہانگیر پاکستان کے نظام حکومت و انصاف میں موجود خرابیوں کو درست کرنے کے معاملے پر مستقل اتحادی تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کے لیے جمہوری قوتوں کی جدوجہد کی تاریخ ان کے ذکر کے بغیر نامکمل رہے گی۔
