

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی حکام نے مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں واقع بسغات زئیو یہودی کالونی میں توسیع کا منصوبہ تیار کرلیا۔ عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق نئے منصوبے پر 35 کروڑ شیکل کی رقم مختص کی گئی ہے۔ منصوبے کے تحت یہودی کالونی میں مزید 900 مکانات، تجارتی مراکز، شمالی اور مغربی بیت المقدس کے درمیان ریلوے پٹڑی کا قیام بھی شامل ہے۔ یاد رہے کہ اسرائیل نے بسغات زئیو کالونی 1967ء کے بعد تعمیر کی تھی۔ کالونی کے قیام کے بعد شمال مغربی بیت المقدس کے بہت سے علاقوں کا آپس میں زمینی رابطہ کٹ گیا تھا۔ چند ہفتے قبل اسرائیلی حکومت نے اس کالونی میں ایک بڑا پارک تعمیر کرنے کے لیے فلسطینی اراضی غصب کرنے کی منظوری دی تھی۔ منصوبے کا ٹھیکااسرائیلی بلدیہ کی موریا نامی ایک کمپنی کو دیا گیا ہے۔دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر سلفیت میں حارس چوک پر یہودی آباد کار نے اپنی گاڑی فلسطینی راہ گیر پر چڑھا دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق شہید کی شناخت عزام جمیل عامر کے نام سے ہوئی، جس کا تعلق مشرقی نابلس کے علاقے کفر قلیل سے تھا،جب کہ حملہ آور آباد کار کا تعلق ارئیل کالونی سے ہے۔ ادھر صہیونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں طورہ کے مقام پر فلسطینی کا مکان مسمار کر ڈالا۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج کی اسیر محمد کبہا کے مکان کا محاصرہ کیا اور اس کے بعد اسے دھماکا خیز مواد لگا کر اڑا دیا۔ اسیر محمد کبہا نے گزشتہ برس دسمبر میں ایک یہودی آباد کو قتل کیا تھا۔
