

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) روسی بحریہ نے مشکل حالات میں آبدوز کے عملے کی زندگیاں بچانے والے جدید ترین نظام کا تجربہ کیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ملکی بحریہ کے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف ریسکیو اینڈ انڈر واٹر ٹیکنالوجیز نے اپنے تجرباتی مرکز میں آبدوزوں کے عملے کی زندگی بچانے والے نئے گیئر کا تجربہ کیا ہے اور اس دوران آبدوز کے تارپیڈو ٹیوبز اور ہنگامی اخراج (اسکیپ ہیچ) کے ذریعے عملے کے بہ حفاظت نکلنے کی مشق کی گئی۔ نئے گیئر ایس ایس پی ۔ ایم کی خصوصیات پہلے والے سے کہیں زیادہ ہیں، جیسا کہ اوپر چڑھنے کی رفتار، تھرمل خواص، کارکردگی جانچنے کا نظام، سروس لائف اور عملے کی حفاظت کا معیار۔ روسی سائنسی مرکز کی جانب سے تیار کردہ اس جدید ترین نظام کی وجہ سے آبدوزوں کے عملے کی زندگی کو پہلے سے زیادہ محفوظ سمجھا جا رہا ہے۔
