کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ میں شریک تمام کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کو ایک مرتبہ پھر واضح کیا ہے کہ وہ لیگ کے لیے بنائے گئے کوویڈ 19 پروٹوکولز پر مکمل عمل کریں ۔ پی سی بی نے یہ بائیو سیکیور ماحول 34 میچوں پر مشتمل ایونٹ کے شرکاء کی حفاظت کے پیش نظر بنایا ہے۔سیزن 21-2020 میں پی سی بی اب تک زمبابوے اور جنوبی افریقا سیریز سمیت ڈومیسٹک ایونٹس میں کْل 235 میچز منعقد کرواچکا ہے۔ یہ تمام میچز بائیو سیکیور ماحول میں کھیلے گئے تھے، جہاں سیزن سے پہلے 3 اور اس کے دوران صرف ایک کھلاڑی نے پروٹوکولز کی خلاف ورزی کی تھی۔ سیزن کے دوران پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرنے والے کھلاڑی کو فوری طور پر گھر واپس بھجوادیا گیا تھا۔ پی ایس ایل 2021 میں مجموعی طور پر 120 کھلاڑی، 60 سپورٹ اسٹاف ارکان، 15 میچ آفیشلز اور ان کی فیملیز سمیت منتظمین کو بائیو سیکیور ببل کا حصہ بنایا گیا ہے۔ہر ٹیم کی منیجمنٹ کو گزشتہ ماہ ہی یہ تمام پروٹوکولز بھجوادیے گئے تھے، لہٰذا تمام شرکاء کے لیے ضروری ہے کہ وہ ان پروٹوکولز کا مکمل خیال رکھیں۔ اس سلسلے میں پی سی بی نے ہر ٹیم کے ساتھ ایک کوویڈ کمپلائنس آفیسر تعینات کیا ہے جنہیں ایونٹ ڈاکٹر سپروائز کرے گا۔یہ کمپلائنس آفیسر کھلاڑیوں کی ٹیسٹنگ، کوویڈ 19 پروٹوکولز پر عملدرآمد کروانے،سینیٹائزیشن اور کھلاڑیوں کے ٹمپریچر چیک کرنے کے ذمہ دار ہوں گے۔اگر ضروری ہوا تو ایونٹ ڈاکٹر سے رہنمائی لی جائے گی۔
