English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی: صوبہ سندھ میں دو ماہ کیلیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی

کراچی: صوبہ سندھ میں دو ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے  جبکہ نوٹیفیکیشن کے مطابق  صوبے کی اہم شاہراؤں ، مقامات پر جلسے ، ریلیوں ، جلوسوں ، مذہبی و سیاسی اجتماعات پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے اور اس حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ نے نوٹیفیکیشن جاری کردیاہے جبکہ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ پابندی 2 ماہ کے لیے لگائی گئی ہے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق  صوبے کی اہم شاہراؤں ، مقامات پر جلسے ، ریلیوں ، جلوسوں ، مذہبی و سیاسی اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی  اور بتایا گیا ہے کہ دفعہ 144 کا نفاذ فوری طور پر ہوگا۔

نوٹیفیکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ عوامی اجتماعات پر پابندی پولیس ، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والوں کی رپورٹس کی روشنی میں لگائی گئی ہے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق جن اہم علاقوں اور شاہراؤں پر عوامی اجتماع پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں کورنگی انڈسٹریل ایریا کی شاہراہ ، پورٹ قاسم اور لیاری ایکسپریس وے شامل ہے۔

اس کے علاوہ ناردرن بائی پاس، ماڑی پور، شاہراہ فیصل، ایئرپورٹ، سپرہائی وے پر پابندی کا اطلاق ہوگا جبکہ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی صورت میں ڈپٹی کمشنر کو کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پی ڈی ایم کے جلسے سے قبل نیکٹا نے الرٹ جاری کیا تھا کہ عوامی اجتماع پر دہشتگرد حملہ کیا جا سکتا ہے جبکہ نیکٹا کی جانب سے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کیلئے ہنگامی ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

جاری الرٹ کے مطابق شہر قائد میں بڑا دہشت گرد حملہ ہو سکتا ہے اور ممکنہ طور پر دہشت گرد اپنی کاروائی کیلئے رکشہ یا گاڑی کا استعمال کر سکتے ہیں جبکہ الرٹ میں پولیس، رينجرز اور متعلقہ اداروں کو سخت سیکیورٹی انتظامات کویقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ نیکٹا کی جانب سے تھریٹ الرٹ کا یہ خط ڈی جی رینجرز سندھ اور ہوم سیکرٹی کو ارسال کیا گیا ہے۔

خیال رہے نیکٹا نے 4 ہفتے قبل بھی کراچی کیلیے الرٹ جاری کیا تھا اور خبردار کیا تھا کہ دہشت گردوں کی جانب سے اہم سرکاری عمارتوں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے ، لہذا سیکورٹی میں اضافہ کیا جائے جس پر سی ٹی ڈی نے کاروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو گرفتار کیا تھا۔

نیکٹا کے گزشتہ الرٹ کے بعد ہی کراچی میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی تھی جبکہ کراچی میں پی ایس ایل اور  تازہ ترین الرٹ کے بعد سیکورٹی انتظامات کو مزید سخت کیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے