چیئرمین حریت کانفرنس میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر سے متعلق اپنی سوچ بدلنی ہوگی، کشمیر کو پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کردیا گیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ کشمیری ڈائیلاگ کے حامی ہیں، مسئلہ کشمیر کا پُرامن حل چاہتے ہیں۔
میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں تبدیلیوں سے زمینی حقائق تبدیل نہیں ہوں گے، آج نہیں تو کل مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ہوگا۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ پچھلے 19 ماہ سے مجھے مسلسل گھر میں محصور کیا گیا ہے۔

میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ کشمیریوں کے سول حقوق کے ساتھ مذہبی اور انسانی حقوق سلب کیے جارہے ہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ کشمیریوں کی بات نہ لکھنے کے لیے مقامی صحافیوں پر دباؤ ڈالا جارہا ہے۔
مقبوضہ کشمیر: سری نگر میں مظاہرہ، پاکستان زندہ باد کے نعرے

سری نگر کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے بعد حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کی دوبارہ نظربندی کیخلاف مظاہرے میں کشمیریوں نے جیوے جیوے پاکستان اور آزادی کےحق میں نعرے لگائے۔
بھارتی قابض فوج نے پرامن مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی، جس سے صحافی سمیت متعدد کشمیری زخمی ہوگئے۔
سرینگر کی جامع مسجد میں میر واعظ عمر فاروق کی دوبارہ نظربندی کیخلاف مظاہرے میں بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے گئے۔
جامع مسجد میں جیوے جیوے پاکستان اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ بھارتی فوج کی آنسو گیس کی شیلنگ سے صحافی سمیت متعدد کشمیری زخمی ہوگئے۔
یاد رہے کہ میر واعظ عمرفاروق کو گذشتہ روز 20 ماہ کی غیرقانونی نظربندی کے بعد رہا کیا گیا تھا۔ میر واعظ عمرفاروق کا آج جامع مسجد میں نمازجمعہ کاخطبہ متوقع تھا۔
منبع: جنگ نیوز
