سری نگر: مقبوضہ وادی میں قابض افواج کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک اور کشمیری نوجوان شہید ہوگیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع شوپیاں میں قابض افواج نے ریاستی دہشت گردی کے دوران فائرنگ کرکے مزید ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا، بھارتی فوج نے علاقے میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران نوجوان کو گولیاں ماریں جب کہ آپریشن ابھی تک جاری ہے۔
دوسری جانب قابض فوج کے آپریشن کے بعد کسی بھی قسم کی مظاہرے سے بچنے کے لیے علاقے میں انٹرنیٹ سروس کو معطل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی مقبوضہ وادی کے ضلع اسلام آباد میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے قابض فوج نے اندھا دھند فائرنگ کرکے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس پر دستی بم حملے میں 2 اہلکار زخمی

سری نگر: ضلع بارہ مولا میں بھارتی پولیس پر دستی بم حملے کے نتیجے میں 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی اسپیشل پولیس آفیسر کے 2 اہلکار دستی بم حملے کے نتیجے میں زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پولیس پر حملہ ضلع بارہ مولا کے علاقے میں ہوا جہاں اہلکار بس اسٹیشن پر کھڑے تھے کہ نامعلوم افراد دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔
بھارتی پولیس پر حملے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد پہنچ گئی اور علاقے کے داخلی اور خارجی راستے بند کرکے حملہ آوروں کی گرفتار کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی گاڑی کو حادثہ، ایک اہلکار ہلاک اور 3 زخمی

سری نگر: مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی گاڑی کو حادثے کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع کلگام میں بھارتی فوج کی گاڑی حادثے کے باعث نالے میں جاگری جس کے نتیجے میں میجر اور کیپٹن سمیت 4 اہلکار شدید زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک اہلکار راستے میں ہی دم توڑگیا۔
اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ 4 اہلکاروں کو اسپتال منتقل کیا گیا جس میں ایک اہلکار راستے میں دم توڑچکا تھا تاہم دیگیر زخمی اہلکاروں کی حالت پہلے سے بہتر ہے۔
منبع: ایکسپریس نیوز
