کراچی: ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے تیسر ٹاؤن لینڈ مافیا کے خلاف آپریشن کے دوران مسلح افراد کی مزاحمت ناکام بناتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی 40 ایکڑ اراضی واگزار کرالی۔
ایکسپریس کے مطابق ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی تیسر ٹاﺅن میں لینڈ مافیا کے خلاف محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کی جانب سے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی ہدایت پر ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ اختر میو کی سربراہی میں تیسر ٹاﺅن سیکٹر سکس بی میں لینڈ مافیا کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا۔
آپریشن میں ایم ڈی اے کے افسران و ملازمین کے ساتھ علاقہ پولیس نے بھی حصہ کیا اور بھاری مشینری کے ہمراہ کارروائی کی گئی۔ ایم ڈی اے کی ٹیم جب سیکٹر سکس بی میں لینڈ مافیا کے قبضے کے خلاف کارروائی کرنے پہنچی تو 70 سے زائد مسلحہ لینڈ گریبرز نے مزاحمت شروع کردی۔
اس موقع پر سرکاری عملہ پر زبردست پتھراﺅ بھی کیا گیا تاہم پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث لینڈ مافیا کے کارندے فرار ہوگئے۔ ایم ڈی اے کی ٹیم نے کروڑوں روپے مالیت کی 40 ایکڑ اراضی کو واگزار کراتے ہوئے لینڈ مافیا کی جانب سے بنائی گئیں پختہ تعمیرات کو بھاری مشینری سے مسمار کر دیا۔
بعدازاں گلشن معمار پولیس اسٹیشن میں لینڈ مافیا کے کارندوں غلام مصطفے، امان خان عرف عبدالجبار، سعید عرف شیر خان،عبدالستار، تنویر اور فیصل اقبال سمیت دیگر 70 نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج بھی کرادیا۔
