فلپائن کے جنوب میں ایک فوجی طیارہ لینڈنگ کے دوران گِر گیا، حادثے میں 29 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
فلپائن وزارت دفاع کے جاری کردہ بیان کے مطابق 85 افراد پر مشتمل سی۔130 فوجی طیارہ صوبہ سُولُو سے منسلک جزیرے ژولو میں لینڈنگ کے دوران اسی علاقے کے قصبے پاٹیکُل کے گاوں بانگکال میں گِر گیا ہے۔
وزیر دفاع ڈیلفین لورینزانا نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ اس وقت تک کم از کم 29 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور 50 کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
لورینزانا نے کہا ہے کہ طیارے میں سوار افراد میں سے 3 پائلٹ،5 کیبین عملے کے افراد اور باقی فوجی اہلکار تھے۔
فلپائن مسلح افواج کے سربراہ جنرل کریلیٹو سوبیجانا نے بھی جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ امدادی ٹیمیں دیگر حادثہ زدگان کو بچانے کے لئے کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ طیارہ عسکری اکیڈمی کے تازہ فارغ التحصیل فوجیوں کو ان کی تعیناتی کی جگہ لے جا رہا تھا۔
