لاہور: تھانہ لدھیوالہ وڑائچ پولیس نے 5 سال پہلے فوت ہونے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق گوجرانوالہ میں تھانہ لدھیوالہ وڑائچ پولیس نے پھرتی دکھاتے ہوئے 5 سال قبل فوت ہو ئے شخص پر بھی مقدمہ درج کرلیا، اور یہ مقدمہ شادی کی تقریب میں آتشبازی کا درج کیا گیا ہے۔ اہل خانہ کے مطابق شادی کی تقریب میں گزشتہ رات آتشبازی کی گئی اور پولیس نے نامزد ملزمان میں ریاض کا نام درج کرلیا جو 5 سال قبل انتقال ہو چکا ہے۔
دوسری جانب پولیس حکام نے مؤقف پیش کیا ہے کہ گزشتہ رات شادی کی تقریب میں ہونے والی آتشبازی میں تین نامزد اور 7 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کی کوشش کی تو انہوں نے پولیس اہلکاروں سے مزاحمت بھی کی، 3 افراد کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا ہے، جب کہ نامزد ملزمان میں ریاض ولد رمضان کا نام بھی شامل ہے جوغلطی سے شامل ہوا ہے جس کی درستگی کر دی جائے گی۔
