وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے امتحانات ملتوی کرنے کے مطالبے کو ایک مرتبہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) سستی شہرت کے لیے طلبا سے سیاست کررہی ہے اور سعد رفیق اور احسن اقبال کو معلوم ہونا چاہیے کہ طالبعلم کی صلاحیت کو پرکھنے کا بہترین پیمانہ امتحانات ہیں۔
وفاقی وزیر تعلیم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اگر سعد رفیق اور احسن اقبال تعلیم یافتہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں تو انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ طالبعلم کی صلاحیت کو پرکھنے کا بہترین پیمانہ امتحانات ہیں اور 12ویں جماعت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ انہیں جامعات اور پیشہ ورانہ کالجز میں جانا ہوتا ہے، ہم سخت محنت کرنے والے طلبا سے امتیازی سلوک کیوں کریں، اپنی گھٹیا سیاست بند کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ امتحانات لینے کا فیصلہ آزاد جموں و کشمیر میں مسلم لیگ(ن) اور سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت سمیت تمام وفاقی اکائیوں نے متفقہ طور پر لیا تھا، وہ جانتے ہیں کہ طلبا کو گزشتہ امتحانات کی بنیاد پر ترقی نہیں دی جا سکتی کیونکہ گزشتہ سال امتحانات ہوئے ہی نہیں تھے۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ اس میں کوئی حیرانی کی بات نہیں کہ تتر بتر ہونے والی مسلم لیگ(ن) سستی شہرت کے لیے طلبا سے سیاست کررہی ہے، احسن اقبال اور سعد رفیق جیسے لوگ جانتے ہیں کہ بلوچستان اور سندھ میں پہلے ہی امتحانات ہو چکے ہیں لہٰذا بقیہ طلبا سے مختلف سلوک نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ یہ دونوں جانتے ہیں کہ 18ویں ترمیم کے بعد 30 بورڈز میں سے صرف ایک فیڈرل بورڈ وفاق کی زیر انتطام ہے، اس کے باوجود وہ ایسے ظاہر کررہے ہیں کہ جیسے وفاقی وزیر کے ایک حکم سے ملک بھر میں امتحانات رک جائیں گے جو گھٹیا سیاست کی ناکام کوشش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بقیہ صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کل سے امتحانات کا آغاز ہو رہا ہے اور ہم امتحانات میں حصہ لینے والے تمام طلبا کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
طلبہ کے امتحانات کے مسئلے پر قومی اسمبلی میں اظہار خیال
بہت سے علاقے ایسے ہیں جہاں انٹرنیٹ نہیں، آن لائن کلاسیں نہیں ہو سکیں ، طلبہ کی تیاری نہیں ہے۔ کیا بچوں کو فیل کروا کر انکو اذیت سے دوچار کرنا ضروری ہے؟ pic.twitter.com/S8p9diHz2L
— Khawaja Saad Rafique (@KhSaad_Rafique) July 8, 2021
