یوم عاشورکے موقع پرصدرڈاکٹرعارف علوی اوروزیراعظم عمران خان نے اپنے الگ الگ پیغامات میں کہاہے کہ حضرت امام حسین اور ان کے جانثاررفقاء کی شہادت اس پختہ عزم اور صبروتحمل کی علامت ہے کہ ہمیں ہمیشہ حق وصداقت کاساتھ دیناچاہیے اورحقیقی نصب العین کے حصول کے لئے اپنی جان قربان کرنے سے بھی ہرگزدریغ نہیں کرناچاہیے۔
صدرڈاکٹرعارف علوی نے قوم پرزوردیاکہ وہ حضرت امام حسین کی تعلیمات کے مطابق نفرت ، بدنیتی اورفرقہ واریت سے بالاترہوکرمتحدرہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے مذہب ،قوم اورملک کے استحکام کے لئے عزم وحوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہرطرح کی قربانیوں کے لئے تیاررہناچاہیے کیونکہ دنیاوآخرت میں کامیابی کا یہی واحدراستہ ہے۔وزیراعظم عمران خان نے قوم پرزوردیا کہ ہرطرح کے جھوٹ اوربدگوئی کوترک کرکے سچائی و انصاف کی معاونت کے ذریعے حضرت امام حسین کو خراج عقیدت پیش کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ حضرت امام حسین آنیوالے تمام وقتوں میں ظلم وبربریت کے خلاف جدوجہد کے لئے طاقت اورجھوٹ کے خلاف قوت کی علامت بن چکے ہیں۔وزیراعظم نے لوگوں پرزوردیاکہ ہمیں حضرت امام حسین کی پیروی کرتے ہوئے حق وصداقت اور انصاف کے اصولوں کی سربلندی کے لئے اپنی جانوں کانذرانہ پیش کرنے سے ہرگز دریغ نہیں کرناچاہیے۔وزیراعظم اورصدرنے لوگوں کوہدایت کی کہ وہ کوروناسے بچاؤ کے قواعدوضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
