English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا گیا

القمر

 کراچی: حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے رفقا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں یوم عاشورعقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق یوم عاشور کے موقع پر مختلف شہروں میں چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوئے جن کی سیکیورٹی کے لیے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے جب کہ ملک بھر کے مختلف شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ساتھ ہی موبائل فون کی سروسز بھی معطل رہیں۔

کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینہ ایرانیاں کھارادر پر ختم ہوا۔ جلوس کی گزرگاہوں پر منتظمین کی جانب سے پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئیں جب کہ جلوس کی  سیکیورٹی کے لیے رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔

علاوہ ازیں حیدرآباد، نواب شاہ، میرپور خاص، سکھر سمیت سندھ کے دیگر چھوٹے اور بڑے شہروں سے بھی ماتمی جلوس برآمد  ہوئے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے ختم ہوگئے۔

یوم عاشور کے موقع پر لاہورسمیت پنجاب کے مختلف شہروں سے بھی ماتمی جلوس برآمد ہوئے، لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پر ختم ہوا۔ جلوس کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے جس میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جلوس کی گزرگاہوں پر تعینات رہی۔

بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھی یوم عاشور کی مناسبت سے  ماتمی جلوس برآمد ہوئے، جلوس کی سیکیورٹی کے پیش نظر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے